بیروت پر اسرائیلی حملے میں 22 شہید، حزب اللہ کمانڈر وافق صفا بچ نکلے

125

اسرائیلی فوج نے جمعہ کو بھی لبنان کے دارالحکومت بیروت پر بمباری جاری رکھی۔ ایک عمارت کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 22 افراد شہید ہوگئے۔ زخمیوں کی تعداد 50 سے زائد ہے۔

لبنانی ذرائع نے بتایا ہے کہ اس حملے میں حزب اللہ ملیشیا کے اہم لیڈر وافق صفا بال بال بچ نکلے۔ یہ حملہ وسطی بیروت میں کیا گیا۔ گنجان آبادی والے علاقے میں کے جانے والے حملے میں کئی بچے بھی زخمی ہوئے۔

خبر رساں اداروں نے بتایا ہے کہ ایک سال کے دوران لبنان میں کی جانے والی شدید ترین بمباری میں متعدد عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔ اس حملے کا مقصد حزب اللہ کے تعلقاتِ عامہ کے عہدیدار وافق صفا کو نشانہ بنانا تھا۔ صفا حزب اللہ کے سیاسی اور سلامتی سے متعلق امور کے نگراں بھی ہیں۔

اسرائیلی فوج کئی دن سے حزب اللہ کے اعلیٰ عہدیداروں کو نشانہ بنارہی ہے تاکہ ملیشیا کا کمانڈ اسٹرکچر ختم کردیا جائے۔ اسرائیلی فوج کا متعدد بیانات میں کہنا ہے کہ وہ حزب اللہ ملیشیا کی حملے کرنے کی صلاحیت ختم کردینا چاہتی ہے۔ یہی معاملہ حماس کے ساتھ بھی ہے۔

جمعہ کے حملوں میں ایک آٹھ منزلہ عمارت ملبے کا ڈھیر بن گئی اور اس سے متصل عمارت کی کئی منزلیں تباہ ہوگئیں۔ لوگوں نے بھاگ کر پناہ نہ لی ہوتی تو ہلاکتیں کہیں زیادہ ہوتیں۔