ایس سی او کانفرنس: اسلام آباد پولیس نے ٹریفک پلان ترتیب دیدیا

133

  اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کی ٹریفک پولیس نے  شنگھائی تعاون کانفرنس کے سلسلے میں ٹریفک کا جامع پلان ترتیب دیتے ہوئے کہا ہے  کہ عوام کسی بھی دقت سے بچنے کے لئے متبادل راستے استعمال کریں، مورخہ15،14اور 16 اکتوبر 2024 کو اسلام آباد میں شنگھائی تعاون کانفرنس کے سلسلہ میں مختلف اوقات میں ٹریفک ڈائیورز کےلیے پلان ترتیب دیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد ٹریفک پولیس کے ترجمان نے کہاہے  کہ مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ جی ٹی روڈ پشاور سے روات جانے والے حضرات ٹیکسلا، موٹر وے، چکری انٹر چینج، چک بیلی روڈ اور روات روڈ استعمال کریں، لاہور جی ٹی روڈ سے پشاور جانے والے حضرات روات، چک بیلی روڈ، چکری انٹرچینج، موٹروے اور ٹیکسلا استعمال کریں۔

انہوں نے مزید کہاکہ  راولپنڈی سے اسلام آباد جانیوالے حضرات صدر مری روڈ سے نائنتھ ایونیو استعمال کریں، زیر و پوائنٹ فیصل ایونیو سے کورال چوک تک ایکسپریس وے آنے جانے والی سڑک تمام ٹریفک کے لئے بند ہو گی، کرنل شیر خان شہید روڈ سے فیض آباد آنے والے حضرات نائنتھ ایونیو سگنل سے سٹیڈیم روڈ استعمال کریں۔

ترجمان نے  مزید کہا کہ مورخہ 14 سے 16 اکتوبر 2024 تک اسلام آباد میں ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کا داخلہ بند ہو گا۔