اسلام آباد:پاکستان میں شہریوں کا ذاتی ڈیٹا انٹرنیٹ پر عام دستیاب ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ انٹرنیٹ پر شہریوں کا ڈیٹا فروخت کرنا غیر قانونی عمل ہے جب کہ یہ کھلم کھلا فروخت کیا جا رہا ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق انٹرنیٹ پر شہریوں کا فیملی ٹری، ان کی لائیو لوکیشن، موبائل فون صارفین کا ڈیٹا جس میں ان کا شناختی کارڈ نمبر، پتا، شناختی کارڈ کی کاپی وغیرہ سب آن لائن ذرائع پر کھلے عام فروخت کیا جا رہا ہے۔
گوگل پر درجنوں ویب سائٹس اور ایپس عوام کا چوری شدہ ڈیٹا بیچنے میں مصروف ہیں، موبائل صارف کے پورے خاندان کی تفصیلات بھی بیچی جارہی ہیں اور موبائل صارف کی کال ہسٹری اور وٹس ایپ ڈیٹا بھی فروخت کیا جا رہا ہے۔
ترجمان پی ٹی اے کے مطابق اس طرح کا ڈیٹا بیچنا غیرقانونی عمل ہے اور پی ٹی اے متعدد ایسی ویب سائٹس بند کر چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی کوئی ویب سائٹ سامنے آنے پر پی ٹی اے فوراً اس کو بلاک کر دیتا ہے۔