خوبصورت ڈیسک کام میں دلچسپی پیدا کرنے کا موثر ذریعہ

160

ماہرینِ نفسیات نے کہا ہے کہ جو لوگ اپنے ملازمین سے اچھی طرح کام لینا چاہتے ہیں وہ انہیں کام کرنے کی پوری آزادی دیتے ہیں اور ساتھ ہی ساتھ انہیں ایسا ماحول بھی فراہم کرتے ہیں جس میں بیزاری پیدا ہی نہ ہو۔

امریکا، یورپ اور دیگر ترقی یافتہ ممالک و خطوں میں اس بات کو اب غیر معمولی اہمیت دی جاتی ہے کہ دفاتر خوبصورت اور سہولتوں سے مزین ہوں۔ دفاتر کی تزئین و آرائش کے ماہرین کا کہنا ہے کہ دفتر کی خوبصورتی، نفاست، روشنی اور ٹھنڈک کام کرنے والوں کو بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی سہولت فراہم کرتی ہے۔ اس کے نتیجے میں اُن کے لیے بہتر انداز سے کام کرنا ممکن ہو پاتا ہے۔

جس طور کسی گھر میں نفاست مزاج کو خوش رکھتی ہے بالکل اُسی طور دفتر میں پائی جانے والی نفاست بھی انسان کو ڈھنگ سے کام کرنے کی سہولت فراہم کرتی ہے۔ دفتر میں کام کا دباؤ انسان کے ذہن کو الجھاتا ہے۔ اگر دفتر کا مجموعی ماحول اچھا نہ ہو تو کام میں جی نہیں لگتا۔ ایسے میں معیار کا برقرار رکھنا ممکن نہیں ہو پاتا۔

ذہین اور معاملہ فہم آجر اپنے دفاتر میں ایسا ماحول پیدا کرتے ہیں جو پُرکشش ہو اور کام کرنے والوں کے ذہن پر پڑنے والے دباؤ کو کم کرنے کا ذریعہ ثاب ہو۔ ترقی یافتہ ممالک میں آجر اس طرف خاص دھیان دے رہے ہیں۔ وہ جانتے ہیں کہ اگر کسی سے اچھی طرح کام لینا ہے تو لازم ہے کہ اُسے کام کا بہترین ماحول فراہم کیا جائے۔ پینے کا صاف اور ٹھنڈا پانی، معیاری ٹوائلیٹ اور دیگر سہولتوں کے ساتھ ساتھ اچھی ڈیسک بھی انسان کو زیادہ اور معیاری کام کرنے کی تحریک دیتی ہے۔