لاہو ر(نمائندہ جسارت)امیرجماعت اسلامی کے سیاسی مشیر ڈاکٹر فریداحمدپراچہ نے کہا ہے کہ محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان مرحوم نے پاکستان کی سا لمیت و استحکام کے سلسلے میں لازوال تاریخی کارنامہ سرانجام دیا ہے اور ان کا نام پاکستان کی قومی تاریخ میں ہمیشہ جگمگاتا رہے گا اور پاکستان کے ایٹمی اثاثہ جات عالم اسلام کی امانت ہیں۔ وہ 10اکتوبر کوڈاکٹر عبدالقدیر خان کے یوم وفات کے حوالے سے منصورہ میں ایک اجلاس میں اظہار خیال کر رہے تھے۔ڈاکٹر فرید پراچہ نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان دور طالب علمی میں اسلامی جمعیت طلبہ سے بھی وابستہ رہے، ان کے جماعت اسلامی کے اکابرین قاضی حسین احمدؒ، سید منور حسنؒ و دیگر کے ساتھ قریبی تعلقات تھے۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ ان پر پابندیوں کے خلاف سینیٹ اور قومی اسمبلی میں اور جلسوں مظاہروں، کانفرنسوں کے ذریعے آواز بلند کی۔ اجلاس میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی بلندیٔ درجات کے لیے دعا کی گئی۔