کراچی (اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزارت ہاؤسنگ نے اسٹیٹ آفس کراچی میں مبینہ طور پر ایڈہاک ازم کا نظام قائم کردیا ہے۔ اسٹیٹ آفس کراچی کے انچارج اور ڈپٹی ڈائریکٹر گریڈ 18 کی پوسٹ پر 4 سال سے کوئی مستقل افسر تعینات نہیں کیا گیا ہے۔ گریڈ 17 کے افسران کو چند ماہ کیلیے اس عہدے کا عارضی چارج دے کر تعینات کر دیا جاتا ہے۔ وزارت ہاؤسنگ کے اس عمل کو تو چل میں آیا کہا جارہا ہے۔ مستقل افسر کی تعیناتی نہ ہونے کے سبب اسٹیٹ آفس کراچی کے دفتری امور ٹھپ ہوگئے ہیں اور عملاً تمام شعبوں میں کام بند ہوتا نظر آرہا ہے۔ اسٹیٹ آفس کے ذرائع نے بتایا کہ وفاقی وزارت ہاوسنگ اینڈ ورکس نے کراچی اسٹیٹ آفس میں ڈپٹی ڈائریکٹر کی گریڈ 18 کی پوسٹ 2018ء میں تشکیل دی۔ ذرائع نے بتایا کہ وزارت ہاؤسنگ نے 2020ء سے ڈپٹی ڈائریکٹر کی پوسٹ پر کوئی گریڈ 18 کا افسر تعینات نہیں کیا ہے اور اس عہدے پر عارضی طور پر گریڈ 17 کے افسر کو چارج دے کر ایڈہاک ازم کی بنیاد پر اسٹیٹ آفس کراچی کو چلایا جا رہا ہے۔ دستیاب ریکارڈ سے پتا چلتا ہے کہ نومبر 2020ء میں عظیم جتوئی، 2021ء میں نیاز لاکھو، 2022ء میں محمد ایوب جان، 2023ء میں پھر نیاز لاکھو، 2023ء میں دوبارہ ایوب جان اور پھر 2023ء میں زوہیب اوڈھو، اپریل 2024ء میں شفیق احمد کو اس عہدے پر عارضی چارج دے کر اسٹیٹ آفس کے امور چلائے گئے۔ تمام افسران کا تعلق اسٹیٹ آفس سے تھا تاہم اکتوبر 2024ء میں وزارت ہاؤسنگ کے ماتحت پاکستان پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ کے گریڈ 17 کے افسر اور سرکاری ریسٹ ہاؤس قصر ناز کراچی کے انچارج و اسسٹنٹ کنٹرولر سکندر حیات کو اسٹیٹ آفس کراچی کے انچارج اور ڈپٹی ڈائریکٹر گریڈ 18 کی پوسٹ پر 3 ماہ کیلیے تعینات کیا گیا ہے۔ انہوں نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے تاہم دہری ذمہ داریاں ہونے کے سبب ان کو مذکورہ عہدے پر کام کرنے میں کئی مسائل درپیش ہیں۔ افسران مجاز اتھارٹی کے حالیہ فیصلے کو سمجھ سے بالاتر قرار دے رہے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ گریڈ 18 کے افسران ہونے کے باوجود وزارت ہاوسنگ کے سیکرٹری اور ڈائریکٹر جنرل اسٹیٹ آفس اسلام آباد کی جانب سے ڈپٹی ڈائریکٹر اسٹیٹ آفس کراچی کے عہدے پر مستقل بنیادوں پر افسر تعینات نہیں کیا جارہا ہے۔ دوسری جانب وزارت ہاؤسنگ کے حکام کا کہنا ہے کہ اسٹیٹ آفس کراچی میں ٹرانسفر پوسٹنگ قوانین کے مطابق کی جارہی ہے، آفس کے غیر فعال ہونے کی اطلاعات درست نہیں ہیں۔ حکام کا کہنا ہے اسٹیٹ آفس کراچی میں ڈپٹی ڈائریکٹر کے عہدے پر جو حالیہ پوسٹنگ کی گئی ہے، وہ قوانین کے مطابق ہے، نئے تعینات ہونے والے افسر سکندر حیات احسن طریقے سے اپنی ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔