بینک الفلاح کی بریسٹ کینسر میں مبتلا خواتین کی مدد کیلئے شراکت داری

152

کراچی(کامرس رپورٹر) بینک الفلاح نے چھاتی کے سرطان میں مبتلا خواتین کو زندگی بچانے والے علاج ومعالجہ کی سہولت کی فراہمی کیلئے کینسر فائونڈیشن ہسپتال کے ساتھ شراکت داری کی ہے۔ اشتراک کے حصہ کے طوربینک الفلاح اور روشے پاکستان نے چھاتی کے سرطان میں مبتلا پانچ خواتین کو ادویات اور مفت علاج کیلئے 10.75 ملین روپے عطیہ کئے ہیں۔ چھاتی کا سرطان صحت عامہ کا ایک سنگین مسئلہ بنا ہوا، پاکستان میں 10 ملین خواتین چھاتی کے سرطان کا شکار ہونے کے خطرات سے دوچار ہیں۔ ہر سال چھاتی کے سرطان کے تقریباً90000 نئے کیسز رپورٹ ہوتے ہیں جبکہ 40ہزار خواتین موت کے منہ میں چلی جاتی ہیں۔اس قدر خوفناک صورتحال کے باوجود صرف 25 سے 35 فیصد خواتین چھاتی کے سرطان کی خود یا میموگرافی کے ذریعے ابتدائی تشخیص کی اہمیت سے آگاہ ہیں جو سرطان کے حوالے سے آگاہی اور تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے اور بینک الفلاح اس مہم کے ذریعے خواتین میں آگاہی کو فروغ دے گا۔ریٹیل بینکنگ کی گروپ ہیڈ مہرین احمد نے کہا’’ چھاتی کا سرطان صحت سے متعلق ایک بڑا چیلنج ہے اور کینسر فائونڈیشن ہسپتال کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے ہم سرطان سے مقابلے کرنے والے خواتین کو مدد فراہم کریں گے۔