ملتان ٹیسٹ ، انگلینڈ نے پہلی اننگز 823رنز ڈیکلیئر کر کے 267رنز کی برتری حاصل کر لی

189
ملتان: پہلے ٹیسٹ کے چوتھے روز انگلینڈ کے کھلاڑی پاکستان کے بلے باز کو آئوٹ ہونے کے بعد بولر کو داد دیتے ہوئے

ملتان (نمائندہ خصوصی) انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے پاکستان کے خلاف ملتان ٹیسٹ میں اپنی پہلی اننگز 823 رنز 7کھلاڑی آئوٹ پر ڈیکلیئر کرکے 267 رنز کی برتری حاصل کرلی ، پاکستان ٹیم اپنی دوسری اننگز میں شدید مشکلات کا شکار ہوگئی ، قومی ٹیم نے چوتھے روز کھیل کے اختتام پر 6 وکٹیں گنوا کر 152 رنز بنا ئے اور اسے اننگز کی شکست سے بچنے کے لئے مزید 115 رنز درکار ہیں، انگلش بلے باز ہیری بروک نے شاندار ٹرپل سنچری اور جو روٹ نے 262 رنز کی یادگار اننگز کھیلی، دونوں بیٹرز نے 454 رنز کی تاریخ ساز شراکت بھی قائم کی۔ گزشتہ روز ملتان انٹرنیشنل کرکٹ ا سٹیڈیم میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز 492 رنز 3 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو جو روٹ 176 اور ہیری بروک 141 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے، دونوں بیٹرز نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ جاری رکھا اور تیز رفتاری سے سکور کو آگے بڑھاتے رہے۔دونوں بیٹرز نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں تاریخ ساز 454 رنز بنائے، جو روٹ 262 رنز بنا کر سلمان علی آغا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہوئے جبکہ ہیری بروک نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی پہلی ٹرپل سنچری سکور کی وہ 317 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ جیمی سمتھ 31 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ کرس ووکس 17 رنز پر ناٹ آئوٹ تھے کہ انگلش کپتان نے 823 رنز 7 کھلاڑی آئوٹ پر اننگز ڈیکلیئر کر دی اور مہمان ٹیم پر پہلی اننگز میں 267 رنز کی برتری حاصل کر لی۔ پاکستان کی جانب سے صائم ایوب اور نسیم شاہ نے دو دو جبکہ شاہین آفریدی، سلمان علی آغا اور عامر جمال نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ انگلینڈ کی 267 رنز کی برتری ختم کرنے کے لئے پاکستان ٹیم نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن انداز میں کیا جب اننگز کی پہلی ہی بال پر اوپننگ بیٹر عبداللہ شفیق کرس ووکس کی بال پر صفر پر کلین بولڈ ہوگئے، اس کے بعد کپتان شان مسعود بھی زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 29 کے مجموعی سکور پر 11 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئے، آئوٹ آف فارم بابر اعظم ایک بار پھر بڑا سکور کرنے میں ناکام رہے اور صرف 5 رنز ہی بنا پائے، پاکستان کی چوتھی وکٹ 41 رنز پر گری جب صائم ایوب غیر ذمہ دارانہ شارت کھیلتے ہوئے 25 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ 59 رنز پر پاکستان کے5ویں وکٹ گری محمد رضوان 10 رنز بناکر آٹ ہوئے جبکہ 82 رنز پر پاکستان کو چھٹا نقصان اٹھانا پڑا سعود شکیل 29 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ چوتھے روز کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز بنا لئے اور اسے اننگز کی شکست سے بچنے کے لئے مزید 115 رنز درکار ہیں، سلمان علی آغا 41 اور عامر جمال 27 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ انگلینڈ کی طرف سے گاس ایٹکنسن اور بریڈن سارس نے 2,2 جبکہ کرس ووکس اور جیک لیچ نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا ہے۔