ایف بی آر نے ضبط شدہ گاڑیوں کی نیلامی کیلیے فرانزک ٹیسٹ لازمی قرار دیدیا

250

اسلام آباد: ایف بی آر نے ضبط شدہ گاڑیوں کی نیلامی کے لیے فرانزک ٹیسٹ کو لازمی قرار دیا ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ میں حاصل دستاویزات کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے کسٹمز رولز میں ترامیم کی جا رہی ہیں، جس کے تحت ضبط شدہ گاڑیوں کی نیلامی سے قبل گاڑیوں کا فرانزک لیبارٹری ٹیسٹ لازمی قرار دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس سلسلے میں کسٹمز رولز 2001 میں ترامیم کا مسودہ تیار کرلیا  گیا ہے اور ایف بی آرنے اسٹیک ہولڈرز سے کسٹمز رولز کے ترمیمی مسودے پر آرا طلب کرلی ہیں۔ مجوزہ ترمیمی رولز کے نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ اسٹیک ہولڈرز 15 دن کے اندر اپنی آرا و اعتراضات بھجواسکتے ہیں۔

نوٹی فکیشن کے مطابق مقررہ میعاد کے بعد وصول ہونے والے اعتراضات و آرا قبول نہیں کی جائیں گی تو گزٹ نوٹی فکیشن کے ذریعے ترمیمی رولزلاگو کردیے جائیں گے۔