منیراحمد شاد راولپنڈی مارخورز ٹیم کے سعودی عرب میں ایمبیسیڈر نامزد

148
منیر احمد شاد

پاکستانی ایگزیکٹو فورم کے بانی اور صدر منیر احمد شاد کو پنجاب پریمیئر لیگ کیلئے راولپنڈی مارخورز ٹیم کا سعودی عرب میں ایمبیسیڈر نامزد کر دیا گیا۔ راولپنڈی مارخور زکے اونر چوہدری ندیم منظور بیگہ نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ منیر احمد شاد کی کرکٹ کے فروغ کیلئے کوششیں قابل تحسین اور قابل تقلید ہیں۔ انہوں نے سعودی عرب کے مختلف شہروں میں کرکٹ کے مقابلوں میں جس طرح اپنی خدمات پیش کی ہیں وہ اپنی مثال آپ ہیں۔ راولپنڈی مارخورز کے ڈائریکٹر میڈیا اینڈ مارکیٹنگ نیئر صدیقی نے اپنے پیغام میں کہا کہ منیر احمد شاد دیارِ غیر میں پاکستان اور پاکستانیوں کا فخر ہیں۔ تکبیر سپورٹس اور پھر ٹی این سپورٹس کے ساتھ ساتھ انہوں نے پاکستانی ایگزیکٹو فورم کے پلیٹ فارم سے ہمیشہ پاکستان کا نام اور وقار بلند کیا ہے۔ منیر شاد کوراولپنڈی مارخورزکا سفیر نامزد کرنا ہمارے لئے اعزاز ہے۔ اس موقع پر منیر احمد شاد نے ایمبیسڈرنامزد کرنے پر راولپنڈی مارخورز ٹیم کی مینجمنٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس ذمہ داری کیلئے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے وہ اس پر پورا اترنے کی ہرممکن کوشش کریں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پنجاب پریمیئر لیگ ، کرکٹ کے ایک بڑے ایونٹ اور راولپنڈی مارخور اس کی سب سے بہترین ٹیم کے طور پر سامنے آئے گی۔ کامران اکمل جیسے منجھے ہوئے وکٹ کیپر بیٹسمین کی قیادت میں راولپنڈی مارخورز ان شاء اللہ کامیابی کے جھنڈے گاڑے گی۔