سعودی عرب میں مجلس پاکستان کی جانب سے پاکستان سے تشریف لانے والے معروف محقق، استاد اور کالم نگار پروفیسر یوسف عرفان کے ساتھ ایک فکری نشست بعنوان ’’نظریہ پاکستان، آج کا پاکستان اور نجات کی راہ‘‘ منعقد کی جس میں مذہبی، ادبی ، سیاسی، سماجی جماعتوں کے اکابرین نے بھرپور شرکت کی ریاض سے عابد شمعون چاند کے مطابق تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن مجید فرقان حمید سے کیا گیا جبکہ نظامت کے فرائض مجلس پاکستان کے رانا عمر فاروق نے اپنے خوبصورت انداز میں سر انجام دیتے ہوئے آنے والے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا بعدازاں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر یوسف عرفان نے کہا کہ آنے والے انتخابات میں ہمیں کسی سیاسی جماعت، کسی عصبیت، کسی زبان، رنگ اور نسل کی محبت کی بجائے پاکستانی بن کر سوچنا ہوگا، ہمیں دیکھنا ہوگا کہ کون لوگ ایسے ہیں جو پاکستان کی سالمیت کی بات کرتے ہیں، جو پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کرنے والے ہیں، ان لوگوں کو منتخب کرنا ہوگا۔ اور ہمیں معاشرے میں بڑھتے ہوئے عدم برداشت کے روئیے، بڑھتی ہوئی انا اور منفی رویوں کی روک تھام کے لئے عملی اقدامات اٹھانے چاہیے تقریب سے مجلس پاکستان کے صدر رانا عبدالرؤف نے آنے والے مہمان کو خوش آمدید کہتے ہوئے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی اسلامی نظام کے نفاذ سے ہی حاصل کی جاسکتی ہے اسلامی تعلیمات پر عمل کر کے ہی ہم ملک کو ترقی یافتہ بنا سکتے ہیں اب وقت آ گیا ہے کہ کرپٹ نظام سے پاکستان کو بچانا ہوگا جس میں ہم سب کو متحد ہو کر سوچنے اور عمل کرنے کی ضرورت ہے تقریب سے، قاضی اسحاق میمن ؛ راشد منہاس ، امین تاجر اور دیگر نے بھی خطاب کرتے ہوئے پروفیسر یوسف عرفان کی دینی ، مذہبی اور ملکی خدمات کو سراہتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا۔