کچرے کو ٹھکانے لگانے کیلیے جاپانی وفد کی سکھر آمد

189

سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر شہر میں کچرے کو ٹھکانے لگانے کیلیے مربوط اور پائیدار ایکشن پلان تیار کرنے کیلیے جاپانی وفد سکھر پہنچ گیا، انسٹی ٹیوٹ فار گلوبل انوائرمنٹل اسٹریٹیجیز (IGES) جاپان، سرکلر پلاسٹک انسٹی ٹیوٹ (CPI) اور KSBL کے وفد نے سندھ حکومت کے ترجمان اور میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ اور ایڈیشنل کمشنر ون محمد عامر انصاری سے ملاقات کی۔ جاپانی وفد کی قیادت میہو ہیاشی (MIHO HAYASHI) کر رہی تھیں، وفد میں سرکلر پلاسٹک انسٹی ٹیوٹ کے ولی حسن اور دیگر بھی شامل تھے۔ وفد کو سکھر میں کچرا اٹھانے کے نظام اور لینڈ فل سائٹس کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر ترجمان سندھ حکومت و میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے وفد کو بتایا کہ سندھ حکومت نے ایک سال قبل سکھر میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا کام شروع کیا ہے ، 10 سالہ کنٹریکٹ ایک چینی کمپنی کو دیا ہے،جس کی لاگت 6.2 ارب روپے ہے۔ انہوں نے کہا کہ روہڑی میں لینڈ فل سائٹ کے لیے 100 ایکڑ اراضی مختص کی گئی ہے اور سکھر شہر سے بلا معاوضہ گھر گھر سے کوڑا اٹھایا جا رہا ہے۔ بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے مزید کہا کہ 6 سال قبل اروڑ لینڈ فل سائٹ کا منصوبہ بنایا گیا تھا، جس کے لیے 100 ایکڑ اراضی مختص کی گئی ہے، کووڈ-19 اور 2022ء کی شدید بارشوں کے باعث منصوبے کے لیے فنڈز جاری نہیں ہو سکے جس کے باعث منصوبہ مکمل نہیں ہو سکا جبکہ چار دیواری سمیت لینڈ فل سائٹ کے کچھ حصے مکمل ہو چکے ہیں، منصوبے کے باقی ماندہ حصوں کو آئندہ مالی سال تک مکمل کرنے کا ہدف ہے۔ بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے جاپانی وفد کو مزید بتایا کہ کوڑے سے بائیو گیس، سستی بجلی اور صنعتوں کے لیے خام مال حاصل کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم ماکا ڈسپوزل اسٹیشن پر ویسٹ سیگریگیشن پلانٹ لگانا چاہتے ہیں جس کے لیے جگہ بھی دستیاب ہے۔ اس موقع پر جاپانی وفد کے سربراہ میہو ہیاشی نے کہا کہ انسٹی ٹیوٹ فار گلوبل انوائرمنٹل اسٹریٹیجیز اور سی پی آئی مل کر ویسٹ مینجمنٹ کے لیے ایک مربوط ایکشن پلان تیار کر رہے ہیں اور اسے پاکستان میں شہر کی سطح پر نافذ کر رہے ہیں۔ اس پروگرام میں سکھر شہر کا بھی انتخاب کیا گیا ہے تا کہ شہر کے کچرے کے نظام میں بہتری لائی جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر کی آبادی میں تیزی سے اضافے کی وجہ سے کچرے کی پیداوار میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ اس موقع پر پروجیکٹ منیجر سالڈ ویسٹ مینجمنٹ عثمان طارق نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سکھر سے روزانہ کی بنیاد پر 460 ٹن کچرا اٹھایا جا رہا ہے اور شہر سے کچرا اٹھا کر 8 جگہوں پر بڑی بڑی ٹرے میں جمع کیا جا رہا ہے، جہاں سے بعد میں بڑی گاڑیوں کے ذریعے لینڈ فل سائٹ پر منتقل کیا جاتا ہے۔ اجلاس میں ڈپٹی میئر سکھر ڈاکٹر ارشد مغل، چیئرمین ڈویلپمنٹ کمشنر آفس سردار محمد تقی دھاریجو، چیف انجینئر (ڈویلپمنٹ) پبلک ہیلتھ سکھر برکت علی خواجہ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ سکھر پیر واحد بخش، پروجیکٹ منیجر عثمان طارق اور دیگر بھی موجود تھے۔