حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) پاکستان مرکزی مسلم لیگ حیدرآباد کے تحت اسرائیلی جارحیت کے ایک سال مکمل ہونے پر مظلومین غزہ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، باغ مصطفی گراؤنڈ لطیف آباد میں منعقدہ کانفرنس میں مرکزی مسلم لیگ کی صوبائی قیادت دیگر سیاسی و سماجی رہنماؤں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ کانفرنس سے مرکزی مسلم لیگ سندھ و بلوچستان کے صدر فیصل ندیم، حیدرآباد ڈویژن کے صدر عقیل احمد، ضلعی جنرل سیکرٹری شہباز عبدالجبار، کراچی کے صدر احمد ندیم اعوان، ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری سندھ بلوچستان طحہٰ منیب جماعت علماء اسلام (س) کے صوبائی رہنما عبدالواحد سواتی، وفاق المدارس سندھ کے رہنما مفتی حبیب اللہ، جماعت اسلامی کے صوبائی رہنما عبدالوحید قریشی، جماعت علمائے اسلام کے صوبائی رہنماء خالد دھامراہ، اعظم جہانگیری، مرکزی مسلم لیگ کراچی کے ذمہ دار انجینئر نعمان علی، حیدرآباد کے رہنما عمر فاروق خانزادہ، شعیب سندھی، محمد عاطف حنظلہ، اشرف حافظ رضا اللہ اور عاصم محمود و دیگر نے بھی خطاب کیا، کانفرنس میں بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔ اس موقع پر اسٹیج پر موجود مختلف سماجی و سیاسی رہنماؤں ہاتھوں کی زنجیر بنا کر اتحاد کا پیغام و مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا اظہار کیا۔ باغ مصطفیٰ گراؤنڈ لبیک یا اقصیٰ کے نعروں سے گونجتا رہا، شرکا نے فلسطینی پرچم اُٹھائے اور فلسطینی رومال پہنے ہوئے مظلوم فلسطینیوں سے بھرپور اظہار یکجہتی کا اظہار کیا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی مسلم لیگ سندھ اور بلوچستان کے صدر فیصل ندیم کا کہنا تھا کہ مظلوم فلسطینیوں سے یکجہتی کے لیے جمع ہوئے ہیں، فلسطینیوں کی لاشیں مسلم حکمرانوں کی بے حسی کا نوحہ بیان کررہی ہیں، انسانیت کا علمبردار امریکا انسانیت کا سب سے بڑا قاتل ہے، امریکا و یورپی ممالک فلسطینیوں کے قتل میں اسرائیل کے برابر شریک ہیں، مسئلہ کشمیر پر آل پارٹیز کانفرنس کا خیر مقدم کرتے ہیں لیکن مسلم حکمرانوں کو قراردادوں سے آگے نکل کر عملی کردار ادا کرنا ہوگا، پاکستان عالم اسلام کی اُمنگوں کا مرکز ہے، مرکزی مسلم لیگ پاکستان کے خلاف جاری سازشوں کا بھرپور مقابلہ کرے گی۔ اس موقع پر صدر حیدرآباد ڈویژن عقیل احمد لغاری کا کہنا تھا کہ اسرائیل گریٹر اسرائیل کا منصوبہ لے کر فلسطین کو مٹانا چاہتا ہے، ایسے میں مسلم حکمرانوں کی خاموشی کسی جرم سے کم نہیں۔ شہباز عبدالجبار کا کہنا تھا کہ آئیے آج ہم عہد کرتے ہیں کہ حالات چاہیے جیسے بھی ہوں ہم فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھیں گے اور ہر سطح پر اسرائیل کا بائیکاٹ کریں گے۔ احمد ندیم اعوان کا کہنا تھا کہ اسرائیل مسلمانوں کی نسل کشی کے لیے فرعون بن چکا، مسلمانوں کو متحد ہوکر اسے جواب دینا ہوگا۔