حیدرآباد میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری

275

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) ضمنی بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا گیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ٹی ایم سی پریٹ آباد کی یونین کمیٹی 42 میں وائس چیئرمین، یوسی 46 میں جنرل ممبر وارڈ نمبر ایک، یوسی 51 میں وائس چیئرمین، ٹی ایم سی ٹنڈو جام کی یوسی 62 میں جنرل ممبر وارڈ نمبر ایک اور دو، ٹی ایم سی حسین آباد کی یو سی 125 میں چیئرمین، یو سی 132 میں چیئرمین، یو سی 138 میں جنرل ممبر وارڈ نمبر تین، یو سی 140 میں چیئرمین اور وائس چیئرمین اور ٹی ایم سی قاسم آباد کی یو سی 144 میں وائس چیئرمین کی خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات 14 نومبر کو منعقد کیے جائیں گے۔ اس حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر قاسم آباد حتف سیال کو ٹی ایم سی حسین آباد اور قاسم آباد کا ریٹرننگ آفیسر مقرر کیا گیا ہے جبکہ ٹی ایم سی پریٹ آباد اور ٹنڈو جام کے لیے اسسٹنٹ کمشنر سٹی بابر صالح راہپوٹو کو ریٹرننگ آفیسر مقرر کیا گیا ہے۔ اُمیدوار نامزدگی کاغذات آج سے 11 اکتوبر تک جمع کرا سکتے ہیں، جبکہ نامزد اُمیدواروں کی فہرست 12 اکتوبر کو لگائی جائے گی۔ ریٹرننگ آفیسرز کی جانب سے کاغذات کی چھان بین 14 سے 16 اکتوبر تک کی جائے گی، اہل قرار دیے گئے اُمیدواروں کی فہرست 17 اکتوبر کو لگائی جائے گی۔ ریٹرننگ آفیسرز کے فیصلے کے خلاف اپیل 18 سے 21 اکتوبر تک کی جا سکتی ہے جبکہ اپیلیٹ ٹربیونل کی جانب سے فیصلہ کرنے کی آخری تاریخ 25 اکتوبر ہو گی۔ اس طرح 29 اکتوبر کو اُمیدواروں کو انتخابی نشان جاری کیے جائیں گے اور اُمیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی، پولنگ 14 نومبر کو ہو گی۔