حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) بلاول میڈیکل کالج کوٹری کے نیورو سرجن ڈاکٹر پیر اسد قریشی نے حیدرآباد پریس کلب میں ڈی ایچ او حیدرآباد ڈاکٹر لالہ جعفر پٹھان، ڈاکٹر عابد ساندھ، ڈاکٹر اقراء اور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نوزائیدہ بچوں میں دماغ اور ریڑھ کی ہڈی میں پانی جمع ہونے سے تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، جس کی بنیادی وجہ حاملہ خواتین میں فولک ایسڈ کی کمی ہے ۔ ڈاکٹر پیر اسد قریشی نے کہا کہ حاملہ مائوں میں فولک ایسڈ کی قلت ختم کر نے سے پیدائشی بچوں کو دماغ اور یڑھ کی ہڈی میں پانی کی بیماری سے بچایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حاملہ مائوں کا مستقل چیک اپ نہ ہونا اور معلومات کی قلت بھی بیماری میں اضافے کا سبب ہے۔ انہوں نے کہا کہ فولک ایسڈ ٹیبلٹ بہت سستی ہے جس کا خواتین سمیت مردوں کی جانب سے استعمال فائدہ مند ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈبلیو ایچ او کی جانب سے دماغ یا سر میں پانی جمع ہو جانے اور ریڑھ کی ہڈی میں پھوڑے بن جانے کے حوالے سے ہر سال 25 اکتوبر کو عالمی آگاہی دن منایا جاتا ہے جبکہ ہم اس بیماری کے حوالے سے پورا مہینہ آگاہی مہم چلاتے ہیں۔