ّ92 اخبار کے اشتہارات بند کیے جائیں، ایچ یو جے

95

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس (دستور) کے صدر لالہ مرزا خان، سابق نائب صدر PFUJ عبدالحفیظ عابد ایچ یو جے کے سینئر نائب صدر خالد شیخ، نائب صدر شمشیر علی خاصخیلی، سیکرٹری عارف حسین، خازن وسیم شیر وانی، جوائنٹ سیکرٹری محمد یوسف اطلاعات، سیکرٹری اقبال پرویز خان اور اراکین مجلس عاملہ نے 92 اخبار اسلام آباد اسٹیشن بند کرنے اورصحافیوں کی جبری برطرفی کی سخت مذمت کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات سے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ ادارے کے اشتہارات کو فوری کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ورکرز دشمن اقدام ایسے وقت میں اُٹھایا گیا ہے جب صحافی پہلے ہی شدید معاشی مشکلات کا شکار ہیں، یہ برطرفی غیر انسانی عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مشکل معاشی دور میں جب صحافی اپنی تنخواہوں اور روزگار کے لیے پریشان ہیں، 92 اخبار انتظامیہ کا ظالمانہ اقدام ملازمین کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے وفاقی وزیر اطلاعات، وزیر اعظم سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اخبار کی انتظامیہ کے اس ظالمانہ اور غیر قانونی اقدام کے خلاف فوری کارروائی اور متاثرہ صحافیوں کے روزگار کو محفوظ بنانے کے لیے اقدامات کریں۔