سجاول: ڈپٹی کمشنر کا ترقیاتی اسکیموں کا دورہ، صورتحال کا جائزہ لیا

121

سجاول (نمائندہ جسارت) ڈپٹی کمشنر کا مختلف ترقیاتی اسکیموں کا دورہ، صورتحال کا جائزہ۔ رپورٹ کے مطابق ڈپٹی کمشنر زاہد حسین رند نے سالانہ ترقیاتی پروگرام اور آئل و گیس فنڈنگ کے تحت جاری مختلف ترقیاتی اسکیموں گورنمنٹ پرائمری اسکول عبدالغنی جت، گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول چھچھ جہاں خان، گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول چھچھ سلیمان خان ملکانی اور گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول چھچھ جہاں خان کا دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لیا اور کام کے معیار کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران و انجینئرز کو سختی سے ہدایت کی کہ تمام اسکیموں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اگلے ہفتے دوبارہ اچانک دورہ کریں گے، کوتاہی اور غفلت کی صورت میں ایکسین اور ٹھیکیدار کے خلاف قانون و قواعد اور پالیسی کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ اس موقع پر ایگزیکٹو انجینئر ایجوکیشن ورکس محمد یوسف منگی، ایگزیکٹو انجینئر ہائی وے ڈویژن امیر علی لاشاری، اسسٹنٹ انجینئر ایجوکیشن ورکس ندیم احمد شیخ اور سب انجینئر ایجوکیشن ورکس غلام جت بھی موجود تھے۔