حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) آل لطیف آباد بزنس فورم کے صدر حسام اقبال بیگ نے کہا ہے کہ بصارت سے محروم افراد میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ انہیں کھیلوں کے مواقع فراہم کیے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدرآباد کرکٹ کلب آف دی بلائنڈ اور حیدرآباد ویلفیئر ایسوسی ایشن آف دی بلائنڈ کے تعاون سے گورنمنٹ ڈگری کالج لطیف آباد میں 2 روزہ خالد حسین بھٹی میموریل ٹی ٹوئنٹی بلائنڈ کرکٹ ٹورنامنٹ کا افتتاح کرنے کے موقع پر بحیثیت مہمان خصوصی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایچ ڈبلیو اے بی کے جنرل سیکرٹری و ٹورنامنٹ کے چیف آرگنائزر اے ڈی پیرزادہ، صدر عبدالرشید خان، سینئر نائب صدر حاجی محمد یاسین آرائیں، عبدالغنی انصاری، محسن سلیم و دیگر کے علاوہ کھلاڑیوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ انہوں نے کہا کہ صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیے ضروری ہے کہ ہم بصارت سے محروم بچوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی سرگرمیاں بھی فراہم کریں تاکہ یہ اپنی خداداد صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک و قوم کا نام روشن کریں۔ اس موقع پر ایچ ڈبلیو اے بی کے جنرل سیکرٹری و چیف آرگنائزر اے ڈی پیرزادہ نے کہا کہ ٹورنامنٹ منعقد کرانے کا مقصد خالد حسین بھٹی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنا ہے کیونکہ انہوں نے خود نابینا ہونے کے باوجود بصارت سے محروم افراد کے لیے جو خدمات سرانجام دیں وہ فخر ہیں۔