ٹی بلز میں عالمی سرمایہ کاروں کی دلچسپی میں اضافہ ہونے لگا

52

کراچی(کامرس رپورٹر) دنیا کے بیشتر ممالک کے سرمایہ کاروں میں پاکستان کی بیرونی اور اندرونی معیشت پر اعتبار بڑھنے لگا اور اسی اعتماد کے سبب حکومت کے امریکی ڈالر میں جاری یوروبانڈز اور مقامی مارکیٹ میں روپے پر مبنی ٹریژری بلز (ٹی بلز) میں عالمی سرمایہ کاروں کی دلچسپی میں اضافہ ہو نے لگاہے۔ یہ رجحان اس وقت شروع ہوا جب ملک نے ستمبر 2024 کے آخر میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے 7 ارب ڈالر کے قرضہ پروگرام کو حاصل کیا۔پاکستان کے عالمی خودمختار بانڈز کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے، اور اس کے ساتھ ہی ان کی ییلڈز (واپسی کی شرح یا چھ ماہ کے سود کی ادائیگی) میں نمایاں کمی آئی ہے، کیونکہ ییلڈ اور قیمتیں ہمیشہ مخالف سمت میں حرکت کرتی ہیں۔معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق قابل ذکر بات یہ ہے کہ پاکستان کے ڈالر میں جاری یوروبانڈز جو پچھلے سال کے اس وقت کے دوران 20سے40فیصد واپسی دے رہے تھے، اب سنگل ڈیجٹس میں 9سے11فیصد کے قریب ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ییلڈز میں اس تیز کمی سے حکومت کو بین الاقوامی مارکیٹوں سے زیادہ سازگار شرائط پر تجارتی قرضے تک رسائی کا موقع مل سکتا ہے۔ ملک کے ممتاز سرمایہ کار عقیل کریم ڈیڈھی کی سربراہی میں کام کرنے والی اے کے ڈی سیکیورٹیز کے ریسرچ ہیڈ نے تصدیق کی کہ عالمی سرمایہ کار پاکستان کے یوروبانڈز بڑھتی قیمتوں پر خرید رہے ہیں، اور بانڈز پر زیادہ ییلڈ کی مانگ میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔آئی ایم ایف کے 7 ارب ڈالر کے ایکسٹینڈڈ فنڈ فسیلٹی (ای ایف ایف) پروگرام، جو 37 ماہ پر محیط ہے، نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بڑھا دیا ہے۔ سرمایہ کار سمجھتے ہیں کہ ملک نے پروگرام کے تحت مطلوبہ بیرونی فنانسنگ حاصل کر لی ہے، جس سے یوروبانڈز بہتر قیمتوں اور واپسی کے لئے پرکشش بن رہے ہیں۔ڈیٹا سے پتہ چلتا ہے کہ پاکستان کے 10 سالہ یوروبانڈ کی قیمت جو 500 ملین ڈالر کا ہے اور ستمبر 2025 میں میچور ہوگا۔جمعہ 4 اکتوبر کو 98.2 سینٹس فی ڈالر تک پہنچ گئی جو 6 ستمبر کو آئی ایم ایف پروگرام سے پہلے 97.1 سینٹس تھی۔ اس بانڈ کی ییلڈ یکم جنوری 2024 سے 8.06 پوائنٹس کی کمی کے بعد جمعہ کو 10.26فیصد تک پہنچ گئی۔ اسی طرح، 1.3 ارب ڈالر کا 5 سالہ بانڈ، جو اپریل 2026 میں میچور ہوگا، اس کی قیمت جمعہ کو 93 سینٹس تک بڑھ گئی، جو 6 ستمبر کو 91.6 سینٹس تھی۔ اس کی ییلڈ سال کے آغاز سے 11.74 پوائنٹس کی کمی کے بعد اختتام ہفتہ پر 11.18فیصد تک پہنچ گئی۔دیگر بانڈز میں بھی اسی طرح کے رجحانات دیکھنے کو ملے ہیں۔