کسانوں کیلئے کھاد کی براہِ راست خریداری کیلئے ایپ متعارف

118

کراچی(کامرس رپورٹر) کاشت سے کٹائی تک حل فراہم کرنے والی پاکستان کی ممتاز فرٹیلائزر کمپنی اینگرو فرٹیلائزرزنے سرکاری قیمتوں پرکمپنی سے کھادوں کی براہِ راست خریداری کے ذریعے کسانوں کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے پاکستان کا پہلا مربوط ایگری ای کامرس پلیٹ فارم “UgAi”متعارف کرایاہے۔ پہلے مرحلے میں سندھ کے کسانوں کیلئے مفت UgAiایپ متعارف کرائی گئی ہے جس کو مستقبل قریب میں ملک بھر میں متعارف کرانے کا منصوبہ ہے۔ UgAi ایپ کے ذریعے اینگرو فرٹیلائزرز اپنے گوداموں سے کسانوں کو ان کے فارمزکے رقبے اور ضرورت کے مطابق براہِ راست کھاد فراہم کرے گی ۔ جس سے کسانوں کو کھادوں کی بلاتعطل دستیابی ، معیاری قابلِ اعتماد مصنوعات اور آسان ترسیل سے فائدہ ہوگا۔ براہِ راست خریداری کی خصوصیت کے علاوہ UgAiفصلوں کی درستگی کے ساتھ نگرانی کرنے ، اِن پُٹ لاگت کو کم کرنے اور فصل کی پیداوار کو بہتر بنانے کیلئے جدیدڈرون ٹیکنالوجی اور سیٹلائیٹ منظر کشی کو بھی مربوط کرتی ہے۔ سندھ کے صوبائی وزیرِ زراعت سردار محمد بخش خان مہر UgAiایپ کی افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔ اس موقع پر سیکریٹری محکمہ زراعت سندھ،سپلائی اینڈ پرائس ڈپارٹمنٹ رفیق احمد برڑو،کسان کمیونٹی کے سینئر ممبران اوراینگرو فرٹیلائزرز کے ممبران بھی موجود تھے۔