کراچی( اسٹاف رپورٹر ) قوم کے محافظ پولیس اہلکار بھی مجرم بن گئے ۔ پولیس کے ہاتھوں ایک اور شہری کے اغوا کی واردات سامنے آگئی، ملیرکالابورڈ سے شہری ایازشیخ کے اغوا میں پولیس اہلکار ملوث نکلے۔ تفصیلات کے مطابق ملیر کالا بورڈ سے ایاز شیخ نامی شہری کے اغوا کا واقعہ سامنے آیا، اغوا کار کراچی پولیس آفس میں تعینات پولیس اہلکار نکلے۔ ایاز شیخ نامی شہری کے اغوا کا مقدمہ سعود آباد تھانے میں درج کرلیا گیا، جس کے بعد مغوی کی رہائی کیلیے پولیس نے شاہ لطیف کے علاقے میں چھاپا مارا اور اس دوران 3 پولیس اہلکاروں سمیت 5 ملزمان کو حراست میں لے لیا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمان سے اسلحہ اور اغوا میں استعمال کار بھی برآمد کرلی گئی ہے۔ ملزمان میں ہیڈکانسٹیبل عاطف، کانسٹیبل امان شاہ اور کک عظمت اللہ، پرائیویٹ افراد غفران اور نوید شامل ہیں۔ حکام نے کہا کہ ملزمان نے نیلے رنگ کی گاڑی میں ایاز شیخ نامی شہری کو اغوا کیا تھا اور لین دین کے تنازع پر اغوا کے بعد شہری کو شاہ لطیف لے جایا گیا۔