کراچی (اسٹاف رپورٹر) چیئرمین نارتھ ناظم آباد ٹاؤن عاطف علی خان کی خصوصی ہدایت پر فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ’’یوم یکجہتی فلسطین‘‘ کے عنوان سے ایک عظیم الشان واک کا انعقاد کیا گیا۔ یہ واک ٹاؤن آفس سے مین روڈ تک نکالی گئی، جس میں ٹاؤن کے تمام ڈیپارٹمنٹس، اسکولوں کے بچے، اساتذہ، مقامی افراد اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔ واک کا مقصد دنیا کو یہ پیغام دینا تھا کہ پاکستانی عوام ہمیشہ فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی جدوجہد آزادی میں ان کا ساتھ دیں گے۔ اپنے خطاب میں عاطف علی خان نے کہا فلسطینی عوام کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، اور ہم پاکستانی عوام ان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ فلسطینیوں پر ہونے والے ظلم و ستم کی مذمت کرتے ہوئے، ہم ہر فورم پر ان کے حقوق کے لیے آواز اٹھاتے رہیں گے۔ وائس چیئرمین ضیاء الدین جامعی نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہاآج کی واک نہ صرف ہماری حمایت کا مظہر ہے بلکہ یہ اس بات کا عزم بھی ہے کہ ہم فلسطینی بھائیوں کی جدوجہد آزادی کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔ ہمیں فلسطین کے مسئلے پر متحد رہنا ہوگا اور دنیا کو یہ پیغام دینا ہوگا کہ فلسطین کا مسئلہ انسانیت کا مسئلہ ہے، جسے حل ہونا چاہیے۔