مانسہر ہ کالونی میں تیز رفتارگاڑی نے موٹرسائیکل سوار نوجوان کوکچل دیا

88

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر کے مختلف علاقوں میں حادثات و واقعات میںایک نوجوان جاں بحق ہوگیا ، دیگر واقعات میں 3افراد زخمی ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق شرافی گوٹھ لانڈھی مانسہرہ کالونی پیٹرول پمپ کے قریب تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار زوہیب نامی نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ متوفی کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ دوسری جانب فیروز آباد تھانے کی حدود طارق روڈ نزد رحمانیہ مسجد اتفاقیہ گولی چلنے سے سیکورٹی گارڈ غلام مرتضیٰ زخمی ہوگیا۔ زمان ٹائون تھانے کی حدود کورنگی ناصر جمپ کے قریب جھگڑے کے دوران فائرنگ سے 70سالہ عبدالکریم ولد غازی خان زخمی ہوگیا۔ زخمی ہونے والے شخص کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ لیاقت آباد تھانے کی حدود غریب آباد بندھانی کالونی پی ایس او پیٹرول پمپ کے قریب نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 25سالہ ثاقب ولد حنیف زخمی ہوگیا۔ زخمی کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ مزید تفتیش جاری ہے۔