ائرپورٹ دھماکا‘ جیو فینسنگ کے بعد سندھ‘ بلوچستان سے کئی افرادگرفتار

16

کراچی( اسٹاف رپورٹر ) ائرپورٹ کے سگنل پر دھماکے میں حکام نے جیو فینسنگ کے بعد سندھ اور بلوچستان سے کئی افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ انٹرنیشنل ائرپورٹ کے قریب سگنل پر دھماکے کے واقع میں تحقیقاتی ٹیموں نے تیسرے روز بھی کرائم سین کا دورہ کیا۔ ہائی پروفائل کیس پر سی ٹی ڈی اور وفاقی تحقیقاتی ادار ے بھی کام کررہے ہیں ۔ہائی پروفائل کیس پر حساس اداروں کی مدد بھی لی جارہی ہے، تفتیشی اداروں کی جانب سے تیزی سے کام کیا جارہا ہے، دہشت گرد سے متعلق پہلے روز ہی معلومات حاصل کر لی گئی تھیں۔تفتیشی حکام کے مطابق حملہ آورنے نوشکی کے سرکاری اسکول سے 2016ء میں میٹرک کیا اور منڈی بہاالدین کے ٹیکنیکل کالج سے سول انجینئرنگ کاڈپلومہ حاصل کیا۔ حملہ آور نے لسبیلہ یونیورسٹی آف ایگریکلچرمیں بی بی اے میں داخلہ لیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ تفتیش کے دوران سہولت کاروں سے متعلق بھی معلومات حاصل کی جارہی ہیں جبکہ سندھ اور بلوچستان میں چھاپوں کے دوران کئی افراد کو حراست میں بھی لیا گیا۔ وقوعہ سے ملنے والے شواہد فارنزک کے لیے بھجوائے گئے ہیں اور دوران تحقیقات خاتون سمیت 9 مشکوک افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ حکام کا بتانا ہے کہ جائے وقوع کی جیو فینسنگ بھی مکمل کر لی گئی ہے جس کے بعد 6 مشکوک نمبرزکاڈیٹا حاصل کرلیا گیا جبکہ حملہ آورکے پاس حملے کے وقت موبائل فون نہیں تھا۔ دھماکے میں استعمال ہونے والی گاڑی کا روٹ بھی مل گیا ہے، حملہ آور دھماکے سے قبل بھی ائر پورٹ سگنل سے گزرا تھا۔ حملے میں متاثرہ 16 گاڑیوں کی مکمل تفصیلات حاصل کرلی ہیں، کرائم سین کو جلد کلیئر کردیا جائے گا مگر حملے کا مقدمہ تاحال درج نہیں کیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ کرائم سین کے اطراف رینجرز کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی کرائم سین کلیئرہونے تک نفری تعینات رہے گی پولیس کے چند اہلکار بھی تعینات کیے گئے ہیں۔