حزب اللہ نے اسرائیلی شہرپر 100 سے زاید راکٹ داغ دیے

45

بیروت /غزہ /تل ابیب /صنعا /واشنگٹن قاہرہ /روم (مانیٹرنگ ڈیسک /اے پی پی /صباح نیوز) لبنان سے حزب اللہ نے اسرائیل کے شہر حیفا پر سب سے بڑے راکٹ حملے میں 100 سے زاید راکٹ داغ دیے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق حزب اللہ کے اسرائیل کے شہر حیفا پر راکٹ حملے میں 12 شہری زخمی ہوگئے جن میں سے 3 کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔حزب اللہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ صہیونی ریاست پر فتح کے حصول تک حملوں کا سلسلہ ہر قیمت پر جاری رکھیں گے۔ترجمان اسرائیلی فوج نے بتایا کہ حزب اللہ نے اپنے عبوری سربراہ نعیم قاسم کے خطاب کے دوران 2 الگ حملوں میں سے پہلے میں 85 اور دوسرے میں 20 راکٹس سے اسرائیل میں اہداف کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ ملک کے جدید ترین فضائی دفاعی نظام نے کچھ راکٹوں کو فضا میں ہی تباہ کردیا جب کہ دیگر راکٹس حیفا شہر اور اس کے اطراف میں رہائشی عمارتوں پر گرے۔ترجمان اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ان حملوں کے جواب میں اسرائیلی فوج نے راکٹس پھینکنے والے اکثر لانچرز کو بمباری کرکے تباہ کردیا۔اسرائیلی فوج نے غزہ کے وسطی میں علاقوں میں بھی گزشتہ روز اپنے ظلم وجبر کا بازار گرم کیے رکھا اور رہائشی عمارتوں کو وحشیانہ بمباری کا نشانہ بنایا جس میں 25 فلسطینی شہید ہوگئے جن میں 2 خواتین اور 5 بچے بھی شامل ہیں۔ غزہ میں اسرائیلی فوج کے بہیمانہ تشدد نے ایک بزرگ شہری کی جان لے لی جن کی شہادت سے کچھ دیر قبل کی ایک وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ جس میں انہیں اسرائیلی فوجیوں کو شیلنگ اور فائرنگ سے روکتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ فلسطین کی وزارت صحت کے مطابق بزرگ شہری زیاد ابو حلیل کے گھر پر اسرائیلی فوجیوں نے چھاپا مارا اور بدترین تشدد کیا جن سے ان کی موت واقع ہوگئی۔اسرائیل کے وزیر اعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ وہ اپنے لوگوں کو بحفاظت وطن واپس لانے اور حزب اللہ کو ختم کرنے کے لیے جو بھی ضروری ہوگا کریں گے‘ ایک وڈیو میں انہوں نے کہا کہ ’اسرائیل کامیاب ہوگا‘ آئی ڈی ایف نے حزب اللہ کے سابق رہنما حسن نصراللہ کے ممکنہ متبادل ہاشم صفی الدین کو ’ہلاک‘ کر دیا ہے جس کے بعد اب حزب اللہ کی کمر ٹوٹ چْکی ہے۔لبنان میں پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے والی خصوصی پرواز آج کراچی پہنچے گی‘دوسری جانب لبنان میں پھنسے 73 پاکستانی لبنان سے شام پہنچ گئے ہیں۔سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق خصوصی پرواز لبنان میں پھنسے پاکستانیوں کو شام سے لے کر کراچی پہنچے گی۔ امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے چیف ولیم برنس نے کہا ہے کہ ایران نے اسرائیل پر حالیہ بیلسٹک میزائل حملوں سے اپنی حیران کن عسکری صلاحیتوں کو ظاہر کیا ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ولیم برنس کے بقول فی الحال ایسا لگتا ہے کہ اسرائیل اور ایران براہ راست جنگ نہیں چاہتے لیکن خطے میں جنگ کا خطرہ بہرحال ایک حقیقت ہے جس کے باعث کشیدگی اور تناؤ میں اضافہ ہو رہا ہے۔ پوپ فرانسس نے 7؍اکتوبر کے حملے کی پہلی برسی کے موقع پر مشرقی وسطیٰ میں جنگ ختم کرنے میں عالمی طاقتوں کی نااہلی کو شرمناک قرار دیتے ہوئے ان پر تنقید کی ہے۔ العربیہ اردو کے مطابق شرقِ اوسط میں کیتھولک فرقہ کے پیروکاروں کے نام ایک کھلے خط میں انہوں نے کہا کہ ایک سال قبل نفرت کا الائو روشن کیا گیا تھا، یہ بجھا نہیں اس کی وجہ ہتھیاروں کو خاموش کرنے اور جنگ کا المیہ ختم کرنے میں بین الاقوامی برادری اور طاقتور ترین ممالک کی شرمناک نااہلی ہے۔اسرائیلی اخبار نے بڑا اعتراف کیا ہے کہ اسرائیل کی معیشت غزہ میں مکمل فتح سے قبل ہی جنگ ہار چکی ہے‘ امریکی مالی اور عسکری معاونت کے باوجود اسرائیل کو بھاری مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، اور جنگی اخراجات سے اسرائیلی معیشت بری طرح دبائو کا شکار ہو گئی ہے۔اسرائیل کے اخبار ہاریٹز کے مطابق لبنان اور غزہ میں جنگ کی وجہ سے اسرائیل کو یومیہ24 کروڑ ڈالر کا خرچ برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔وی او اے کے مطابق امریکا کی بران یونیورسٹی کے کوسٹ آف وار پروجیکٹ کے تحت اسرائیل پر حماس کے حملے کو ایک برس مکمل ہونے پر رپورٹ شائع کی ہے جس کے مطابق امریکا نے غزہ جنگ میں اسرائیل کو17 ارب 90کروڑ ڈالر فوجی امداد فراہم کی‘ 1959 ء کے بعد سے اسرائیل کو لگ بھگ 251 ارب20کروڑ ڈالر کی امداد دی گئی ۔ مصری کامیڈین فنکار و گلوکار باسم رافت محمد یوسف اور سوڈانی فلم ساز و صحافی امجد النور کی جانب سے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کو عالمی جرائم عدالت (انٹرنیشنل کرائم کورٹ) میں لے جانے اور وہاں امریکا کی جانب سے اسے بچانے پر تیار کیا گیا گانا انٹرنیٹ پر وائرل ہوگیا۔باسم رافت محمد یوسف کی جانب سے 7 اکتوبر کو ریلیز کیے گئے گانے کو ’نیتن کا ٹرائل‘ کے نام سے جاری کیا گیا۔ ڈپٹی چیف حزب اللہ کا کہنا ہے کہ میزائل حملوں کا دائرہ بتدریج بڑھا رہے ہیں، اسرائیلی حملوں سے خوفزدہ نہیں ہیں۔حزب اللہ کے ڈپٹی چیف شیخ نعیم قاسم نے اسرائیل پر حملوں کے ایک سال مکمل ہونے پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طوفان الاقصیٰ آپریشن مشرقِ وسطیٰ میں تبدیلی کا آغاز ہو گا۔