اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پردوروزہ بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد

121
Space Science and Technology

کراچی:  جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر خالد محمودعراقی نے کہا کہ سائنس کے شعبہ میں ترقی کے بغیر ملک کی ترقی ایک خواب کی مانند ہے۔

ڈاکٹر خالد محمود عراقی کا کہنا تھا کہ عصر حاضر میں سائنسی ایجادات نے دنیا کو ورطہ حیرت میں مبتلا کردیا ہے۔صرف وہ ہی اقوام ترقی کی منازل طے کررہی ہیں جنہوں نے سائنس کو ترجیح دی۔خلائی سائنس کی ترقی نے انسانی ترقی میں اہم کرداراداکیا ہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی جامعہ کراچی کے زیر اہتمام چائنیز ٹیچرز میموریل آڈیٹوریم جامعہ کراچی میں منعقدہ دوروزہ بین الاقوامی کانفرنس بعنوان:”اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی“ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ خلائی سائنس اور ٹیکنالوجی میں تحقیق ایک بہت وسیع میدان ہے۔پاکستان میں سائنس وٹیکنالوجی کے معجزات کی باتیں کی جاتی ہیں لیکن اس میں سرمایہ کاری کرنے کو تیارنہیں اور سائنس وٹیکنالوجی پر سرمایہ کاری کئے بغیر ہم اس کے ثمرات سے مستفید نہیں ہوسکتے۔

وائس چانسلر کا کہنا تھا کہ عصرحاضر مقابلے کا نہیں بلکہ اشتراکیت ہے جس کی ایک بڑی مثال یورپی یونین ہے۔ہمیں ٹیکنالوجیز میں ایک دوسرے سے مقابلہ کرنے کے بجائے اشتراکیت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے کیونکہ وسائل کے بغیر آپ ٹیکنالوجیز کے متحمل نہیں ہوسکتے۔