اسلام آباد:تحریک انصاف کی جانب سے وفاقی دارالحکومت میں ایک بار پھر احتجاج کی کال دیے جانے کا امکان ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ تحریک انصاف نے ملک بھر کے لیے اپنا نیا احتجاجی شیڈول جاری کردیا ہے اور اسی سلسلے میں اسلام آباد میں بھی ایک بار پھر احتجاج کی کال دیے جانے کا امکان ہے۔
پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی نے ملک بھر میں احتجاج جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت ذرائع نے امکان ظاہر کیا ہے کہ ایک بار پھر اسلام آباد میں احتجاج کی کال دی جاسکتی ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی اپنا احتجاج جاری رکھے گی۔ ملتان، ساہیول، ڈیرہ غازی خان ، لاہور اور فیصل آباد میں آئندہ ہفتے احتجاج کیے جائیں گے جب کہ لاہور اور فیصل آباد میں 14 اکتوبر کو احتجاج کیا جائے گا۔ اسی طرح ملتان اور ساہیوال میں 11 اکتوبر کو احتجاج کیا جائے گا۔
نئے شیڈول کے مطابق پی ٹی آئی گجرانوالہ اور سرگودھا میں 12 اکتوبر کو احتجاج کرے گی جب کہ ڈیرہ غازی خان میں 13 اکتوبر کو احتجاج کیا جائے گا۔ پولیٹیکل کمیٹی میں گرینڈ احتجاج کا بھی فیصلہ کیا جائے گا اور پورے پاکستان کو اسلام آباد احتجاج کی کال دے گی۔