اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وہ پاکستان تحریک انصاف کو 2014 میں کیے گئے دھرنے جیسی صورتحال دوبارہ پیدا کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، جس کی قیادت عمران خان نے کی تھی ۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت بارہا پی ٹی آئی کو اس بات کا ذمہ دار ٹھہراتی رہی ہے کہ اس کے طویل دھرنے کی وجہ سے پاکستان کی معیشت کو نقصان پہنچا، کیونکہ چینی صدر شی جن پنگ نے 126 دن کے دھرنے کی وجہ سے اسلام آباد کا دورہ منسوخ کر دیا تھا۔
اس وقت جب اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت پی ٹی آئی اسلام آباد میں احتجاج کر رہی ہے، 15 اور 16 اکتوبر کو شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہان کی کانفرنس منعقد ہونے جا رہی ہے۔
چین، روس، بھارت اور دیگر ممالک کے اعلیٰ حکام، جو اس تنظیم کا حصہ ہیں، اسلام آباد کے ریڈ زون میں کانفرنس میں شرکت کریں گے، اور احتجاج کی صورت میں سیکیورٹی خدشات پیدا ہو سکتے ہیں۔
وزیر اعظم نے کابینہ اجلاس میں کہا کہ میں 2014 کی سازش دوبارہ نہیں ہونے دوں گا۔ ہم ایسا دوبارہ نہیں ہونے دیں گے، یہ میرا قوم سے وعدہ ہے۔
پی ٹی آئی کا موقف ہے کہ وہ “عدلیہ کی آزادی” اور عمران خان کی رہائی کے لیے احتجاج کر رہی ہے۔ پارٹی کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ وہ اس وقت تک پیچھے نہیں ہٹیں گے جب تک عمران خان انہیں روکنے کا نہیں کہیں گے۔
شہباز شریف نے پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے صرف انتشار پھیلایا اور قوم کو تقسیم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اپنے دور حکومت میں نہ تو ملک میں پیسہ واپس لایا اور نہ ہی بدعنوانی کا خاتمہ کیا، حالانکہ یہ اس کے انتخابی وعدوں کا حصہ تھا۔
‘مذموم منصوبے’
2014 کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ چینی صدر کے دورے کی تاریخیں طے تھیں، لیکن پی ٹی آئی نے دھرنا ختم کرنے سے انکار کیا اور ملکی معیشت اور عالمی ساکھ کو نقصان پہنچایا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے دھرنا ملتوی کرنے کی پوری کوشش کی، لیکن پی ٹی آئی نے اسے مسترد کر دیا۔ مجھے چینی صدر کے دورے کی تاخیر کا سن کر حیرت ہوئی تھی ۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ چین کے سفیر سے ملاقات کے دوران انہوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ پاکستان میں چینی شہریوں کی سیکیورٹی کے لیے مکمل انتظامات کیے گئے ہیں ۔
کراچی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب ہونے والے دھماکے میں دو چینی شہری ہلاک ہوئے تھے، جس کی ذمہ داری بلوچستان لبریشن آرمی نے قبول کی ہے جس کی وزیر اعظم نے تصدیق کردی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یقیناً چینی حکام افسردہ ہیں، لیکن ہم نے انہیں مکمل سیکیورٹی فراہم کرنے کا یقین دلایا ہے ۔
وزیر اعظم نے معیشت کی بہتری کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ فوج کے جوان ملک کی حفاظت کے لیے جانیں دے رہے ہیں اور ساتھ ہی چینی شہریوں کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا، “داخلی اور خارجی دشمن پاکستان کے خلاف متحد ہو چکے ہیں۔ ہم سب جانتے ہیں کہ انہیں کون مالی معاونت فراہم کرتا ہے۔” وزیر اعظم نے مزید کہا، “انشاءاللہ پاکستان ترقی کرے گا۔”
وزیر اعظم نے پی ٹی آئی کے منصوبوں کو “مذموم” قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ثابت ہو چکا ہے کہ افغان شہری پی ٹی آئی کے احتجاج میں شامل تھے۔
انہوں نے کہا، “پی ٹی آئی کو اس بات کا ڈر ہے کہ اگر ملک ترقی کرے گا تو ان کا کوئی حمایتی باقی نہیں رہے گا۔”