عمران خان ،علی امین گنڈاپور سمیت دیگر رہنماؤں کے خلاف نیا مقدمہ درج

232

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان اور خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور سمیت دیگر افراد کے خلاف اسلام آباد میں ہونے والے حالیہ احتجاج کے دوران ایک پولیس اہلکار کی ہلاکت کے سلسلے میں نیا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

تحریک انصاف قیادت کے خلاف مبینہ قتل کی کوشش، آتش زنی، ریاست پر حملہ اور پولیس اہلکاروں پر تشدد کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

عمر ایوب، اعظم سواتی، بریسٹر محمد علی سیف، پی ٹی آئی اسلام آباد کے صدر عامر مغل، ملک حفیظ الرحمان ٹیپو اور 500 دیگر نامعلوم افراد بھی مقدمے میں نامزد کیے گئے ہیں۔

یہ مقدمہ ریاست کی جانب سے اسلام آباد کے نون پولیس اسٹیشن میں اتوار کے روز کانسٹیبل عبد الحمید کی ہلاکت کے بعد درج کیا گیا ہے۔

پولیس اہلکار کو مبینہ طور پر پی ٹی آئی کے ڈی چوک احتجاج کے دوران، جہاں وہ جی ٹی روڈ پر چونگی نمبر 26 پر ڈیوٹی انجام دے رہا تھا، شرپسندوں نے حملہ کر کے زخمی کر دیا۔

کانسٹیبل عبد الحمید کو مبینہ طور پر اغوا کے بعد تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں جاں بحق ہو گئے۔

مقدمے کے مطابق کانسٹیبل کو پی ٹی آئی رہنماؤں بشمول عمران خان اور خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ گنڈاپور کی ایما پر مظاہرین نے تشدد کا نشانہ بنایا۔