انقرہ:ترکیہ کے صدر رجب طیب اِردوان نے غزہ پر جنگ مسلط کرنے کا ایک سال مکمل ہونے پر کہا ہے کہ اسرائیل کو فلسطینیوں کی نسل کشی کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔
ترک صدر نے اپنے بیان میں کہا کہ فلسطینیوں پر بمباری اور حملوں کو ایک سال ہو چکا ہے اور اسرائیل کے ہاتھوں بے گناہ مظلوموں کی نسل کشی اب بھی جاری ہے، انہوں نے کہا کہ دیر سے یا جلدی، ہٹلر نیتن یاہو اور اسرائیل کو فلسطین اور غزہ پر حملوں کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔
صدر اِردوان کا کہنا تھا کہ جس طرح نازی جرمنی کے ہٹلر کو انسانیت کے اتحاد نے جس طرح روکا تھا، اسی طرح اسرائیلی وزیر اعظم اور ان کے نیٹ ورک کو بھی روکا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا اسرائیلی مظالم پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، جس دنیا میں غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کا حساب کتاب نہ لیا جائے وہاں امن قائم ہونا مشکل ہے۔