توانائی شعبے میں اصلاحات ناگزیر، آئی پی پیزمسئلے کو خوش اسلوبی سے حل کیا جائے گا: وفاقی وزیر

129
Reforms in energy sector inevitable

اسلام آباد:  وفاقی وزیر توانائی (پاور ڈویژن)سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ آئی پی پیز کے مسئلے کو خوش اسلوبی سے حل کیا جائے گا، توانائی کے شعبے میں اصلاحات ناگزیر ہیں ،مستقبل کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے بہتر منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔

منگل کو نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی(نسٹ) میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ توانائی کا شعبہ معیشت کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتا ہے، اس لئے اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے توانائی کے شعبے میں اصلاحات کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں میں جدید ٹیکنالوجی کو فروغ دیا جا رہا ہے،بجلی کی تقسیم اور ترسیل کے نظام کو وقت کی ضرورت سمجھتے ہوئے جدید خطوط پر استوار کر رہے ہیں۔

 سردار اویس لغاری نے کہا کہ آئندہ دو سال میں 17 ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل ہوگی۔ وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ لائن لاسز میں کمی اور ریکوریز میں بہتری کے لیے مزید فعال حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے، حکومت اس حوالے سے بھی اصلاحات کر رہی ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی بنیادی وجوہات میں بہتر منصوبہ بندی کا فقدان، گردشی قرضوں کا بوجھ اور صارفین پر سود کی بلند شرح ہے۔ حکومت بجلی کے نرخوں میں کمی اور صارفین کے حقوق کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔وفاقی وزیر پاور ڈویژن نے کہا کہ ملک میں ماحول دوست توانائی کو فروغ دیا جا رہا ہے۔