مسلم ممالک اسرائیل کو منہ توڑ جواب دیں‘ عارف شیرازی

266

راولپنڈی ( نمائندہ جسارت) اسرائیل کا وجود ناجائز اور فلسطین میں اس کی ایک سال سے جاری کاروائیاں دہشت گردانہ ہیں۔امریکا کی ایماء پر وہ فلسطین میں خون کا ہولناک کھیل کھیل رہا ہے۔ معصوم بچوں اور خواتین پر وحشیانہ بمباری کسی صورت معافی کے قابل نہیں ہے۔مسلم ممالک متحد ہوکر فوری طور پر اس کا منہ توڑ جواب دیں۔ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی سید عارف شیرازی نے اہل فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لئے مختلف مقامات پر مظاہروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا پاکستان ایک ایٹمی قوت ہے۔حکمرانوں کو چاہئے جرائت کے ساتھ سیاسی وسفارتی سطح سے آگے بڑھ کرفلسطین بالخصوص اہل غزہ کے تحفظ کے لئے اقدامات اٹھائے۔۔انھوں نے کہا اسرائیل کی دہشت گردی حد سے تجاوز کر گئی ہے۔وہ بڑے دہشت گرد امریکہ کی ایماء پر معصوم اہل غزہ کے خلاف بارود کا وحشیانہ استعمال کر رہا ہے۔اسرائیل کی کاروائیاں جنگی جرائم کے زمرے میں آتی ہیں۔عالمی عدالت میں اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے خلاف مقدمہ چلانا چاہئے۔