سکھر (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی ضلع سکھر کی جانب سے امیر جماعت حافظ نعیم الرحمن کی کال پر فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کے ایک سال مکمل ہونے پر سکھر پریس پر احتجاجی مظاہرہ اور فلسطینی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے جماعتِ اسلامی سکھر کی جانب سے ریلی نکالی گئی، امیرِ جماعتِ اسلامی سکھر زبیر حفیظ شیخ، جماعت اسلامی کے صوبائی رہنما مولانہ حزب اللہ جکھرو، شعبہ خواتین کی رہنما عائشہ ظہیر،عظمی وحید، ثمینہ شوکت کی قیادت نکالی گئی ریلی قاسم پارک سے سکھر پریس کلب پر اختتام پذیر ہوئی ، ان ریلیوں کا مقصد فلسطینیوں پر جاری اسرائیلی مظالم کے خلاف احتجاج کرنا اور عالمی برادری کو فلسطینی عوام کے حق میں عملی اقدامات کرنے کی یاد دہانی کرانا تھا۔ریلی میں جماعتِ اسلامی کے قائدین، کارکنان، سول سوسائٹی مختلف اسکولز کے طلبہ و اساتذہ کے نمائندگان اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکا نے فلسطین کے جھنڈے اور بینرز اٹھا رکھے تھے، جن پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت اور فلسطینی عوام کے حقوق کے حق میں نعرے درج تھے،امیرِ جماعتِ اسلامی سکھر زبیر حفیظ شیخ، جماعت اسلامی کے صوبائی رہنما مولانہ حزب اللہ جکھرو، شعبہ خواتین کی رہنما عائشہ ظہیر،عظمی وحید، ثمینہ شوکت نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ “ہم فلسطینی بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعلان کرتے ہیں۔ اسرائیل کی غیر انسانی جارحیت اور فلسطینی عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر اسرائیل کے خلاف اقدامات کرے اور فلسطینی عوام کے حقوق کا تحفظ کرے۔”ریلی کے شرکا نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور عالمی طاقتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کی ریاستی دہشتگردی کا نوٹس لیں ریلی کے اختتام پر ایک قرارداد بھی پیش کی گئی جس میں حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ عالمی فورمز پر فلسطین کے مسئلے کو بھرپور انداز میں اْٹھائے اور فلسطینی عوام پر ہونے والے ظلم اور بربریت کو روکے۔