سلمان اکرم راجا کی عبوری ضمانت منظور،اعظم سواتی ‘علیمہ اور عظمیٰ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

100

اسلام آباد/لاہور (نمائندہ جسارت+ آن لائن+ مانیٹرنگ ڈیسک) عمران خان کی بہنوں ، علیمہ خان اور عظمیٰ خان اور پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کو ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔تحریک انصاف کے رہنما سلمان اکرم راجا کی دہشت گردی کے مقدمات میں ضمانت منظور کرلی گئی،انسداد دہشت گردی عدالت نے علی امین گنڈا پور اور عامر مغل کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے جبکہ اسد قیصرکے بھائی عدنان خان کابھی ریمانڈ منظورکرلیا گیا۔تفصیلات کے مطابق انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد نے علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو ایک دن کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔ عدالت نے علی امین گنڈا پور اور عامر مغل کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے، عدالت نے علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو آج دن11بجے دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ علیمہ خان، عظمیٰ خان اور دیگر کے خلاف تھانہ کوہسار میں دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔ عدالت نے اسد قیصر کے بھائی عدنان خان کو 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔عدالت نے تھانہ کوہسار میں درج دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج مقدمے میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور اور عامر مغل کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔ تحریک انصاف کے رہنما اعظم سواتی کے خلاف تھانہ کوہسار میں درج مقدمے کی سماعت ہوئی، اے ٹی سی کی جانب سے اعظم سواتی کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا گیا، انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کیس کی سماعت کی۔اعظم سواتی کو 2 دن پہلے اسلام آباد پولیس نے حراست میں لیا تھا۔علاوہ ازیںلاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا کی اسلام آباد میں درج دہشتگردی کے مقدمے میں 15 اکتوبر تک عبوری منظور کر لی جبکہ انسداد دہشت گردی عدالت نے 5 اکتوبر کو پی ٹی آئی لاہور کے احتجاج پر سلمان اکرم راجا کی 3 مقدمات میں 16 اکتوبر تک عبوری ضمانت منظور کرلی۔