پی پی ایل کا عراق کی مڈ لینڈ آئل کمپنی سے 60لاکھ ڈالر کا معاہدہ

80

کراچی ( کامرس رپورٹر )پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ کے ماتحت ادارے پی پی ایل ایشیا ای اینڈ پی بی وی نے عراق میں بلاک 8 کے لیے مڈلینڈ آئل کمپنی (ایم ڈی او سی) کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔پاکستان کی سب سے بڑی ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن (ای اینڈ پی) کمپنیوں میں سے ایک پی پی ایل نے پیر کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو اپنے نوٹس میں اس پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس کے ماتحت ادارے پی پی ایل ایشیا ای اینڈ پی بی وی (پی پی ایل ایشیا) نے مڈلینڈ آئل کمپنی (ایم ڈی او سی) کے ساتھ باہمی طور پر سازگار سمجھوتہ کیا ہے۔ اس تصفیے نے عراق میں بلاک 8 کے لیے ایکسپلوریشن، ڈیولپمنٹ اینڈ پروڈکشن سروس کنٹریکٹ (ای ڈی پی ایس سی) سے متعلق تمام معاملات کامیابی کے ساتھ مکمل کیے ہیں۔معاہدے پر 6 اکتوبر 2024 کو بغداد، عراق میں پی پی ایل ایشیا کے منیجنگ ڈائریکٹر اے عمران عباسی اور ایم ڈی او سی کے ڈائریکٹر جنرل محمد یاسین حسن نے باضابطہ طور پر دستخط کیے۔پی پی ایل کے مطابق معاہدے کی شرائط کے تحت ایم ڈی او سی تیسرے فریق کے ذریعے پی پی ایل ایشیا کو 6 ملین ڈالر کی خالص ادائیگی کرے گی ۔پی پی ایل کے تازہ ترین مالی نتائج کے مطابق 30 جون 2024 کو ختم ہونے والے مالی سال کے دوران کمپنی کا بعد از ٹیکس منافع (پی اے ٹی) تقریبا 19 فیصد اضافے کے ساتھ 115.48 ارب روپے تک پہنچ گیا۔مالی سال 24 میں فی حصص آمدنی (ای پی ایس) 42.44 روپے ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 35.73 روپے تھی۔ ماہرین نے کہا کہ آمدنی مارکیٹ کی توقعات سے کم تھی۔