وبائی امراض کے خلاف 3عالمی اداروں کا اشتراک

155

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) بین الاقوامی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف)، ورلڈ بینک اور ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے وبائی امراض سے نمٹنے اور اس کی تیاریوں کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر اتفاق کرلیا۔ عالمی اداروں کی مشترکہ پریس ریلیز میں کہا گیا کہ یہ اشتراک ممالک کو آئی ایم ایف کے ٹرسٹ اور عالمی بینک اور عالمی ادارہ صحت کی مالی اور تکنیکی مدد کے ذریعے صحت عامہ کے خطرات کو روکنے، ان کا پتا لگانے اور بروقت کارروائی کی اجازت دے گا۔ آئی ایم ایف کا ٹرسٹ اس سلسلے میں رکن ممالک کو کم شرح سود پر طویل مدتی مالی مدد تک رسائی کی اجازت دیتا ہے تاکہ وہ معیشت کے استحکام کے لیے وبائی امراض کے خلاف لڑنے کے قابل ہوسکیں۔ عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ کورونا کے وبائی مرض نے صحت کے نظام کو تقویت بخشنے ، وبائی امراض کو روکنے، ان کی تشخیص اور ان سے بہتر طریقے سے نمٹنے کی صلاحیت کو بہتر بنانے کی ضرورت کو اجاگر کیاہے۔