فیصل آباد (کامرس ڈیسک ) آل پاکستان ٹیکسٹائل پراسیسنگ ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین حافظ شیخ محمد اصغر قادری نے کہا ہے کہ موجودہ معاشی مشکلات،خاص طور پر آئی پی پیز کی جانب سے عائد کردہ بجلی کے انتہائی زیادہ نرخوں میں کمی ہونے سے کاروباری طبقے اور عوام کو کافی حد تک ریلیف ملے گا۔ انہوں نے صنعتی بجلی کے نرخوں کو کم کرنے اور تجارتی و کاروباری علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کی یقین دہانی کو سراہا کیونکہ کاروباری طبقہ جو پہلے معاشی صورتحال سے مایوس تھا اب پاکستان کے معاشی استحکام کے امکانات سے حوالے سے پر امید ہے بشرطیکہ کاروباری طبقے کو یکساں مواقع فراہم کئے جائیں۔انہوں نے متعلقہ اعلی حکام کی جانب سے سرحد پار سمگلنگ اور غیر قانونی ڈالرز کی نقل و حرکت کو روکنے کی کوششوں کی بھی تعریف کی جس سے پاکستانی روپے کے استحکام اور مہنگائی میں کمی لانے میں کافی حد تک مدد ملے گی۔چیئرمین اپٹپما نے اقتصادی بہتری اور ترقی میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے کردار کی بھی تعریف کی۔