پاکستان کے معاشی اشاریے بہتر ہو رہے ہیں

93

اسلام آباد (کامرس ڈیسک)تاجر رہنما اوراسلام آباد چیمبر کے سابق صدر شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ عالمی ادارے پاکستان کی معاشی پالیسیوں کی حمایت کر رہے ہیں اوکار پاکستان کے بارے میں دنیا کا تاثر بدل رہا ہے۔ پاکستان کے معاشی اشاریے بہتر ہو رہے ہیں تاہم ٹیکس کے نظام کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے تاکہ امداد اور قرضوں پر انحصار کم کیا جا سکے۔ شاہد رشید بٹ نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ کئی ممالک جو معاشی اور دیگر وجوہات کی بنا پر پاکستان سے گریز کرتے تھے جلد ہی پاکستان میں دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری شروع کریں گے۔اس وقت معیشت مستحکم ہو رہی ہے سٹاک مارکیٹ میں تیزی آ رہی ہے برآمدات میں 14 فیصد اضافہ ہوا ہے اور ایف بی آر کو ڈیجیٹل کیا جا رہا ہے جس سے معیشت کو فائدہ پہنچے گا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز اور دیگر سرکاری کاروباری اداروں کی نجکاری کے لیے بات چیت جلدمکمل کی جائے تاکہ ان ناکام اداروں کو فروخت کرکے اربوں روپے کی بچت کی جا سکے۔