پاکستان کے پاس ورلڈ کلاس کھلاڑی،آئندہ سیریز میں چیلنج کے منتظر ہیں،گلین میکسویل

103

میلبرن (اسپورٹس ڈیسک)آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے آل رائونڈر گلین میکسویل نے کہا ہے کہ پاکستان کے پاس ورلڈ کلاس پلیئرز ہیں، ہم آئندہ سیریز میں چیلنج کے منتظر ہیں۔گلین میکسویل نے میلبرن میں آسٹریلیا کے سمر کرکٹ فیسٹیول کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کا غیر متوقع ہونا ٹیم کو ٹف بنا دیتا ہے، ماضی میں ہمیں پاکستان کے خلاف چیلنجر کا سامنا رہا ہے، پاکستانی ٹیم مختلف اوقات میں بہت خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف کھیلتے ہوئے آپ یہ نہیں جان سکتے کہ آپ کو ان سے کیا توقع کرنی چاہیے، ہمیں بابر اعظم کے اوپر نظر رکھنا ہو گی، وہ ایک سپر ا سٹار کھلاڑی ہیں۔آسٹریلوی آل رئوانڈر نے کہا کہ شاہین آفریدی نئی گیندکے ساتھ ایک جادوگر فاسٹ بولر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس ورلڈ کلاس پلیئرز ہیں، ہم آئندہ سیریز میں چیلنج کے منتظر ہیں، ہم سیریز کی تیاری کر رہے ہیں، ہمیں برتری برقرار رکھنے کے لیے بہترین کھیل پیش کرنا ہو گا، ہم اس سیریز کو آسان نہیں لے رہے۔واضح رہے کہ پاکستان نے آئندہ ماہ وائٹ بال سیریز کے لیے آسٹریلیا کا دورہ کرنا ہے، اس سیریز میں 3 ون ڈے اور 3 ٹی 20 میچز کھیلے جائیں گے۔