گیانا (اسپورٹس ڈیسک) سینٹ لوشیا کنگز نے پہلی مرتبہ کیریبین پریمیئر لیگ 2024 کا ٹائٹل جیت لیا۔ فاتح ٹیم نے فیصلہ کن معرکہ میں دفاعی چیمپئن گیانا ایمیزون واریئرز کو 6 وکٹوں سے شکست دی، سی پی ایل کے فائنل میچ میں نور احمد نے عمدہ بولنگ اورروسٹن چیسی نے آل رائونڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو سی پی ایل کا پہلی مرتبہ چیمپئن بنانے میں اہم کردار ادا کیا، روسٹن چیسی کو آل رائونڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیاگیا جبکے سینٹ لوشیا کنگز کے ہی نور احمد شاندار بولنگ پر لیگ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ پراویڈنس اسٹیڈیم، گیانا میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے فائنل میں سینٹ لوشیا کنگز کے کپتان فاف ڈو پلیسی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈ نگ کا فیصلہ کیا۔ دفاعی چیمپئن گیانا ایمیزون واریئرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 138رنز بناکر سینٹ لوشیا کنگز کو میچ میں کامیابی کے لئے 139 رنز کا ہدف دیا۔ ڈوین پریٹوریئس نے نے 25 اور وکٹ کیپر بلے باز شائی ہوپ نے 22رنز بنائے۔ سینٹ لوشیا کنگز کے نو راحمد نے3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔جواب میں آرون جونز کے ناقابل شکست 48 اور روسٹن چیسی کے ناقابل شکست 39رنز کی بدولت سینٹ لوشیا کنگز نے 139 رنز کا مطلوبہ ہدف 18 ویں اوورکی پہلی گیند پر 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے دفاعی چیمپئن گیانا ایمیزون واریئرز کو میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دے کر سی پی ایل کی تاریخ میں پہلی مرتبہ چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا۔