کراچی(اسپورٹس رپورٹر)پاکستان کے لیے 9 ٹی ٹوئنٹی اور 6 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلنے والے محمد حارث18 اکتوبر سے اومان میں شروع ہونے والے اے سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ایمرجنگ ایشیا کپ میں پاکستان شاہینز کی قیادت کریں گے۔ ترجمان پی سی بی کے مطابق پاکستان شاہینز 16 اکتوبر کو اومان روانگی سے قبل 11 سے 15 اکتوبر تک کراچی کے حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں ٹریننگ کیمپ میں حصہ لے گی۔ عبدالصمد، احمد دانیال، یاسر خان اور زمان خان پہلی مرتبہ پاکستان شاہینز کی نمائندگی کریں گے۔ عبدالصمد نے حال ہی میں ہونے والے بحریہ ٹاون چیمپئنز ون ڈے کپ میں یو ایم ٹی مارخور کے لیے نمائندگی کی اور122.88کے اسٹرائیک ریٹ سے اسکور کیا۔ نورپور لائنز کی طرف سے کھیلتے ہوئے احمد دانیال نے 10 وکٹیں حاصل کیں جبکے الائیڈ بینک اسٹالینز کی طرف سے یاسر اور زمان نے بالترتیب 4 اور 2 میچز کھیلے۔ ایونٹ میں8 ٹیمیں حصہ لیں گی ۔ ان ٹیموں کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ تمام میچ مسقط کے اومان کرکٹ اکیڈمی گرائونڈ میں ہوں گے۔گروپ اے میں افغانستان اے، بنگلا دیش اے، ہانگ کانگ اور سری لنکا اے جبکے گروپ بی میں دفاعی چیمپئن پاکستان شاہینز بھارت اے، اومان اور یو اے ای شامل ہیں۔حارث کی زیرقیادت شاہینز کا مقابلہ 9 اکتوبر کو اپنے افتتاحی میچ میں گزشتہ سال کی فائنلسٹ بھارت سے ہوگا۔