سابق آل رائونڈر سنتھ جے سوریا سری لنکا کی ٹیم کے ہیڈ کوچ مقرر

72

کولمبو (اسپورٹس ڈیسک) سری لنکا کرکٹ(ایس ایل سی)نے سابق ٹیسٹ کرکٹر سنتھ جے سوریا کو ہیڈ کوچ مقرر کر دیا۔55 سالہ سنتھ جے سوریا کو سری لنکا کی قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کی تقرری کا باقاعدہ اعلان سری لنکا کرکٹ نے کیا ۔اس حوالے سے سری لنکا کرکٹ(ایس ایل سی)کا کہنا ہے کہ ایگزیکٹیو کمیٹی نے ٹیم کی اچھی کارکردگی کی بنیاد پر سنتھ جے سوریا کی بحیثیت ہیڈ کوچ تقرری کا فیصلہ کیا ۔سری لنکن ٹیم نے بھارت، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں اچھی کارکردگی دکھائی، ان سیریز میں جے سوریا سری لنکا کرکٹ ٹیم کے عبوری کوچ تھے۔ سری لنکا کرکٹ نے کہا کہ جے سوریا کا معاہدہ یکم اکتوبر 2024 سے نافذ العمل ہے اور یہ 31 مارچ 2026 تک جاری رہے گا۔ جے سوریا کو ابتدائی طور پرٹیم کا عبوری ہیڈ کوچ نامزد کیا گیا تھا، وہ اس سے قبل ایس ایل سی کے کرکٹ کنسلٹنٹ کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ عبوری ہیڈ کوچ کے طور پر جے سوریا کی پہلی ذمہ داری بھارت کے خلاف ہوم سیریز پر وائٹ بال سیریز تھی۔