جے شنکر کا دورہ ، محسن نقوی کیساتھ کرکٹ ڈپلومیسی پر بات چیت کا امکان

84

اسلام آباد(اسپورٹس ڈیسک ) شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لئے بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کے دورہ پاکستان کے موقع پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے ساتھ ملاقات کا امکان ہے ۔ ذرائع کے حوالے سے میڈیارپورٹ کے مطابق پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی کی بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر سے ملاقات میں کرکٹ ڈپلومیسی پر بھی تبادلہ خیال ہو سکتا ہے۔ مجوزہ اور ممکنہ ملاقات میں محسن نقوی بھارتی ٹیم کو فراہم کی جانے والی سکیورٹی، پروٹوکول اور دوسرے اہم نکات پر بات کریں گے۔ بھارتی وزیر خارجہ کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کی تیاریوں اور آئی سی سی وفود کے دوروں پر بھی اعتماد میں لیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق محسن نقوی بھارتی وزیر خارجہ کو چیمپیئنز ٹرافی کے میچز دیکھنے کی بھی دعوت دیں گے۔ واضح رہے شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس 15 اور 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہوگا جس میں کئی ممالک کے سربراہان اور نمائندے شریک ہوں گے۔ اجلاس میں بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر بھی شرکت کر رہے ہیں۔پاکستان نے 19 فروری سے 9 مارچ تک چیمپئنز ٹرافی کے میچز کی میزبانی کرنی ہے جس کے لیے بھارتی بورڈ نے پاکستان میں ٹیم بجھوانے کو حکومتی اجازت سے مشروط کر رکھا ہے۔