سربراہ آر ایس ایس نے بھارت کو ہندو ریاست قراردیدیا

51

نئی دہلی (اے پی پی)بھارت کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی سرپرست تنظیم راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ کے سربراہ موہن بھگوت نے نام نہاد سکیولر اقدار سے واضح طور پر علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے بھارت کو ایک ہندو ریاست قراردیاہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق موہن بھگوت نے راجستھان کے علاقے باران میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کثیر النسل بھارت میں ہندو اتحاد کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ ہندوئوں کو اس اتحاد کو حاصل کرنے کے لیے زبان، ذات پات اور علاقائی تنازعات کو ایک طرف رکھنا چاہیے۔ موہن بھگوت کا یہ بیان ایسے وقت پرسامنے آیا ہے جب بھارت میں ہندوتوا نظریہ بحث کا موضوع بنا ہوا ہے۔ ملک کی تاریخ میں پہلی بار ہندو قوم پرست نظریے کو سرکاری سطح پر فروغ دیاجارہا ہے جس میں بھارتیہ جنتا پارٹی کا اہم کردارہے۔ تقریب میں آر ایس ایس کے تقریباً چار ہزار رضاکاروں اور سینئر عہدیداروں نے شرکت کی ۔