لاہور(اے پی پی) لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے تحریک انصاف کے رہنمائوں شاہ محمود قریشی، اعجاز چوہدری، اور ڈاکٹر یاسمین راشد کے خلاف گذشتہ سال نو مئی کے واقعات میں درج چار مقدمات کا جیل ٹرائل بغیر کارروائی 21 اکتوبر تک ملتوی کردیا ۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے ایڈمن جج کے تبادلہ کے باعث ڈیوٹی جج نے مختصر سماعت کرتے ہوئے ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کرتے ہوئے بغیر کارروائی سماعت 21 اکتوبر تک ملتوی کردی ۔تحریک انصاف کے سینئر رہنماوں شاہ محمود قریشی، اعجاز چوہدری، اور ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت دیگر افراد کے خلاف تھانہ سرور روڈ، مغل پورہ، اور شادمان میں مقدمات درج ہیں۔سانحہ 9 مئی کے واقعات میں تحریک انصاف کے رہنمائوں و کارکنوں پر توڑ پھوڑ اور جلائوگھیرائو کے الزامات کے تحت مقدمات درج کئے گئے۔