حکمران اسرائیلی دہشت گردی روکنے  کیلیے عملی اقدامات کریں، ملی یکجہتی کونسل سندھ

123

کراچی:جماعت اسلامی کے سابق رکن قومی اسمبلی و ملی یکجہتی کونسل سندھ کے صدر اسد اللہ بھٹو کی زیر صدارت کونسل کے صوبائی عہدیداران کا اجلاس ادارہ نور حق میں منعقد ہوا، جس میں اسرائیل کی جانب سے اہل غزہ پر امریکی سرپرستی میں ایک سال سے جاری حالیہ جارحیت و دہشت گردی، فلسطینیوں کی نسل کشی، لبنان پر حملے اور جارحیت کا دائرہ وسیع کرنے کی شدید مذمت کی گئی۔

اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ موجودہ حالات میں امت ِ مسلمہ کے اتحاد و یکجہتی کی پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے اور مسالک و فرقہ وارانہ بنیادوں پر تفریق و اختلافات پیدا کرنے کی سازشوں کو اتحاد ِ امت کے جذبے کے تحت ناکام بنایا جائے، اسرائیل تمام مسلمانوں کا دشمن ہے اور اس کا نشانہ امت ِ مسلمہ ہے۔

اجلاس کےشرکا نے کہاکہ  حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ اور پھر حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ کی شہادت اسرائیل کی مسلم دشمنی کا واضح ثبوت ہے، عالم اسلام کے حکمرانوں سے مطالبہ کیا گیا کہ اسرائیلی جارحیت و دہشت گردی روکنے کے لیے اپنی بے حسی ترک کرتے ہوئے اسرائیل کے خلاف عملی اقدامات کریں اگر ایسانہ کیا گیا تو غزہ کے بعد لبنان کو نشانہ بنانے والا اسرائیل امریکہ کی سرپرستی میں کل کسی اور مسلم ملک پر بھی حملہ کر سکتا ہے۔

اجلاس میں اہل غزہ پر اسرائیل کی جانب سے بین الاقوامی جنگی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مسلسل بمباری، اسپتالوں، اسکولوں اور شہری آبادیوں کو نشانہ بنانے، خواتین اور بچوں کو شہید کرنے کی شدید مذمت کی گئی۔