کراچی میں موسم کی شدت بڑھ گئی، کل بھی شدید گرمی کا امکان

130
the weather is hot and dry

کراچی:شہر قائد میں  موسم کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے اور کل بھی شدید گرمی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کے روز کراچی  کے موسم میں 3.3 ڈگری سینٹی گریڈ کے اضافے سے درجہ حرارت 37.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جب کہ کل منگل کے لیے ماہرین نے 39 ڈگری تک بڑھنے کی پیش گوئی کی ہے۔

شہر میں پیر کے روز بلوچستان کی گرم شمال مغربی ریگستانی ہوائیں اثرانداز ہونے کے سبب موسم نسبتاً گرم رہا اور دن بھر تیز دھوپ سے شہری جلتے رہے جب کہ ہوا میں نمی کا تناسب 45 فیصد ریکارڈ ہوا۔

چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردار سرفراز نے کہا ہے کہ منگل اور بدھ کو پارہ 39 ڈگری تک تجاوز کرسکتا ہے، کراچی میں اکتوبر کا اوسط درجہ حرارت 35.6 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔گرمی کی جزوی لہر کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت اوسط سے 3 ڈگری بڑھ سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہوا میں نمی کا تناسب کم ہونے کے سبب غیرمعمولی صورتحال پیدا نہیں ہوگی،گرمی کی لہر کے دوران نمی کا تناسب 30 تا 40 فیصد کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔گرمی کی جزوی لہر کے دوران ہیٹ ویو کا کوئی امکان نہیں ۔

انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ گھر سے باہر دھوپ کے بجائے سایہ دار جگہوں کو ترجیح دیں اورپانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں۔