بھارت میں ایئر شو کے دوران بدنظمی، 5 افراد ہلاک

145

بھارت کے شہر چنئی (مدراس) میں ایئر شو کے دوران شدید گرمی اور حبس نے پانچ افراد کی جان لے لی۔ ڈھائی سو افراد کو فوری طبی امداد فراہم کرنا پڑی۔

کل صبح گیارہ بجے شروع ہونے والے ایئر شو کو دو گھنٹے جاری رہنا تھا۔ اس ایئر کا مقصد بھارتی فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت کے بارے میں اہلِ وطن اور دنیا کو بتانا تھا مگر یہ شو ایک الم ناک واقعے میں تبدیل ہوگیا۔

منتظمین پر الزام عائد کیا جارہا ہے کہ انہوں نے ٹریفک کے انتظامات بہتر نہیں کیے اور شو دیکھنے والوں کے لیے پانی کا بھی معقول انتظام نہیں کیا گیا تھا۔ دوسری طرف ریاستی حکومت کا کہنا ہے کہ تمام انتظامات ہر اعتبار سے مکمل اور بے داغ تھے۔ فوج اور مرکزی حکومت نے جو سہولتیں مانگی تھیں وہ پوری فراہم کی گئیں اور کسی بھی معاملے میں کوئی کمی رہنے نہیں دی گئی۔

شو کے دوران لوگ توقع سے کہیں زیادہ تعداد میں کِھنچے چلے آئے۔ انتظامیہ کی طرف سے منع کیے جانے پر بھی لوگ آگے گئے اور خاصی کم جگہ میں بہت زیادہ بھیڑ ہو جانے کے باعث شدید بدنظمی پیدا ہوئی۔ اس کے نتیجے میں بہت سے لوگ حبس کے باعث بے ہوش ہوگئے۔

شہر کے معروف مرینا بیچ تک پہنچنے کے لیے لاکھوں افراد گھروں سے نکل آئے۔ اس کے نتیجے میں شہر میں شدید ٹریفک جام واقع ہوا اور لاکھوں افراد راستوں ہی میں پھنس کر رہ گئے۔ ٹریفک کنٹرول کا نظام مکمل طور پر ناکام ہوکر رہ گیا۔ ایونٹ ختم کردیے جانے کے بعد بھی لوگ گھنٹوں ٹریفک جام میں پھنسے رہے۔

یہ ایئر شو بھارتی فضائیہ کے قیام کے 92 سال مکمل ہونے پر منعقد کیا گیا۔ شو میں مختلف شعبوں کی اعلیٰ ترین شخصیات اور غیر ملکی سفارت کاروں کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔