ویڈیو : حزب اللہ نے مقبوضہ فلسطین کے حائفہ اور طبریہ پر حملے کردیے

197

بیروت : لبنانی خودمختاری کے دفاع اور اسرائیل کی لبنان اور فلسطین پر مسلسل جارحیت کے جواب میں، حزب اللہ کی اسلامی مزاحمت نے مقبوضہ فلسطین کے شمالی علاقے میں واقع شہر حائفہ پر میزائل حملے کر دیے ہیں ۔

اسلامی مزاحمت نے اس حملے کو “خیبر” آپریشنز کا نام دیا ہے جس کو جاری اور صہیونی دشمن کی جانب سے شہریوں کو نشانہ بنانے اور کیے گئے قتل عام کے جواب میں کیا گیا ہے۔ “لبیک یا نصراللہ” کے نعرے کے بعد، حزب اللہ کے جنگجوؤں نے اتوار کی رات 11:20 بجے حائفہ کے جنوب میں واقع کرمل بیس پر فادی-1 میزائلوں کی بوچھاڑ کر دی جس سے مقبوضہ فلسطین میں خوف و حراس پیدا ہوگیا ۔

اسرائیلی میڈیا نے اطلاع دی کہ حائفہ کے رمبم اسپتال میں میزائل حملے کے بعد 6 زخمیوں کو لایا گیا ہے۔

عبرانی چینل 12 نے اعلان کیا کہ حائفہ کے بعض حصوں میں اسکولوں نے حزب اللہ کے میزائل حملے کے بعد آن لائن تعلیم شروع کر دی ہے۔

پیر کی آدھی رات کو اسلامی مزاحمت نے ایک اور میزائل حملہ کیا، جس کا ہدف نمرا بیس تھا، جو کہ شمالی علاقے میں ایک اہم فوجی اڈہ ہے اور طبریہ کے مغرب میں واقع ہے۔

اسرائیلی میڈیا نے اطلاع دی کہ لبنان سے حائفہ اور طبریہ پر کیے گئے میزائل حملوں میں زخمی ہونے والوں کی کل تعداد 10 ہو گئی ہے، جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے اور متعدد کو درمیانے درجے کی چوٹیں آئی ہیں۔