رحمان پورہ:گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کا کہنا ہے کہ اتحادی حکومت ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی محبت کا نہیں مجبوری کا الائنس ہے کیونکہ اس وقت ملک کسی تجربے کا متحمل نہیں ہوسکتا، اگر پاکستان سیاسی طور پر مضبوط نہیں ہوگا تو کوئی چیز بھی بہتر نہیں ہوگی، مسلم لیگ ن کے ساتھ الائنس کا پیپلزپارٹی کو سیاسی نقصان ہوا۔
میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے گورنر پنجاب نے کہاکہ ہم نے صرف آلائنس کو چلانا ہے جبکہ یہ بھی جانتے ہیں کہ اس سے پیپلزپارٹی کو سیاسی نقصان ہورہا ہے،لوگ احتجاج ضرور ریکارڈ کروائیں لیکن ملک کی عزت و وقار کے لیے اکھٹے ہوجائیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ ڈی چوک دھرنا دیا گیا، سرکاری ٹی وی پر حملہ کیا گیا یہ سب کچھ اسی پی ٹی آئی نے کیا، ملایشیا کے وزیر اعظم آئے ہوئے تھے سیکورٹی والوں نے ان کو روکے رکھا، 9 ملکوں کے وزیراعظم پاکستان آرہے ہیں، روڈ بند کرنے کی بات کرنے کی بات کرنے والے کو اس وقت محب وطن نہیں کہہ سکتا۔
گورنر پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی قیادت ہٹ دھرمی چھوڑ دے تو ملک اور ان کے لیے بھی یہی بہتر ہوگا، اگر انہوں نے منفی سیاست نہ چھوڑی تو پھر پی ٹی آئی تباہ ہو جائے گی، عقل کو استعمال کریں ملک کے لیے ان کے لیے بھی بہتر ہوگا۔